کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 10.08 فیصد اضافہ، 424.349 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں

ملک میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات 10.08 فیصد اضافہ سے 424.349 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):ملک میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات 10.08 فیصد اضافہ سے 424.349 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔ پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ملک سے کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں مالی سال 2024-25کے مقابلے میں 10.08 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیااور جولائی تا جون 2025-26 کے دوران کھیلوں کے سامان کی برآمدات 424.349 ملین امریکی ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2024-25 کے اسی عرصے میں یہ برآمدات 385.502 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔کھیلوں کی مختلف مصنوعات میں فٹ بالز کی برآمدات میں 11.72 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ مالی سال کے 229.782 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر زیر جائزہ مالی سال میں 256.723 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں تاہم دستانوں (گلوز) کی برآمدات میں 5.91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 63.307 ملین امریکی ڈالر سے کم ہو کر 59.567 ملین امریکی ڈالر رہ گئیں۔اسی طرح دیگر تمام کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 16.93 فیصد اضافہ ہوا جو 92.413 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 108.059 ملین امریکی ڈالر ہو گئیں۔دوسری جانب سالانہ بنیاد پر جون 2026ء میں کھیلوں کے سامان کی برآمدات جون 2025ء کی 36.378 ملین امریکی ڈالر برآمدات کے مقابلے میں 28.08 فیصد کمی سے 26.164 ملین امریکی ڈالر رہیں۔جون 2026ء کے دوران فٹ بال، دستانوں اور دیگر کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں بالترتیب 38.90 فیصد، 11.27 فیصد اور 12.52 فیصد کمی دیکھی گئی۔پی بی ایس کے مطابق ماہانہ بنیاد پر بھی کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 35.04 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مئی 2026ء میں برآمدات 40.275 ملین امریکی ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو جون 2026ء میں کم ہو کر 26.164 ملین امریکی ڈالر رہ گئیں۔