پاکستان کے آموں کی دھوم ، پاک سنگاپور سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ پر مینگو فیسٹیول

پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستانی آموں کی نمائش کے لیے ’’مینگوفیسٹیول‘‘ کا انعقاد کیا۔

سنگاپور۔8اگست (اے پی پی):پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستانی آموں کی نمائش کے لیے ’’مینگوفیسٹیول‘‘ کا انعقاد کیا۔

تقریب میں سنگاپور کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ذوالکرنین عبدالرحیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فیسٹیول میں حکومتی عہدیداروں، کاروباری برادری، سفارت کاروں، میڈیا نمائندوں اور پاکستانی و سنگاپورکی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔فیسٹیول میں پاکستان کی اعلیٰ معیار کے آموں کی اقسام، بالخصوص معروف چونسہ اور سنسیشن پیش کیے گئے۔ شرکا کو پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے، خوشبو اور معیار سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے کہا کہ پاکستانی آم ذائقے کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن ایسے پروگراموں کے ذریعے سنگاپور کے عوام کو پاکستان کے ثقافتی تنوع، روایتی مہمان نوازی اور قومی خصوصیات سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ پاک سنگاپور سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ مینگو فیسٹیول کا مقصد پاکستان کی ثقافت، تجارت اور کھانوں کے امتزاج کو اجاگر کرنا بھی ہے۔تقریب کے دوران ’’سلام پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، سیاحتی مقامات اور بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔شرکا نے پاکستانی آموں کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے ان کی دلکش خوشبو، نرم ساخت اور میٹھے ذائقے کی تعریف کی۔مینگوفیسٹیول نے پاکستانی زرعی برآمدات کے فروغ، سنگاپور کی منڈی میں پاکستانی اعلیٰ معیار کے آموں کو متعارف کرانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید وسعت دینے کے امکانات اجاگر کرنے کے لیے موثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔تقریب نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط سفارتی تعلقات کی بنیاد پر قائم دیرینہ دوستی، شراکت داری اور باہمی تعاون کو بھی اجاگر کیا۔

مزید خبریں