دھان کی فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھی جائے،محکمہ زراعت سیالکوٹ

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے کاشتکاروں کو دھان کی فصل کو مختلف بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے

سیالکوٹ۔10اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نے کاشتکاروں کو دھان کی فصل کو مختلف بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل مسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ دھان کی فصل کے پتوں پر بھورے دھبوں کی بیماری، پتوں کے جراثیمی جھلساؤ، دھان کے بھبھکا یا بلاسٹ، دھان کی بکائنی اور تنے کی سڑن سے بچاؤ کیلئے فصل کی باقاعدگی سے پیسٹ سکاؤٹنگ کی جائے اور بیماری یا کیڑے کے حملے کی علامات ظاہر ہوتے ہی زرعی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دھان کا بھبھکا ان کھیتوں میں زیادہ ہوتا ہے جہاں پانی کھڑا نہیں رہ سکتا، لہٰذا ایسے کھیتوں میں گوبھ سے لے کر مونجر نکلنے کے دو ہفتے بعد تک سوکا نہ لگنے دیا جائے بلکہ کوشش کی جائے کہ کھیت گارہ کی حالت میں رہے۔رانا سلیم شاد نے بتایا کہ پتوں پر بھبھکا کی علامات ظاہر ہونے پر زرعی ماہرین کے مشورے سے موزوں پھپھوندی کش زہر کا سپرے کیا جائے اور ضرورت کے مطابق 15 روز کے وقفے سے دوبارہ سپرے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پتوں کے جراثیمی جھلساؤ کے حملے کو کم کرنے کیلئے کھیت میں گوبھ سے لے کر فصل کے پکنے تک وتر کا پانی لگایا جائے جبکہ بیماری ظاہر ہونے کی صورت میں کاپر آکسی کلورائیڈ بحساب 3 گرام فی لیٹر پانی میں ملا کر فصل پر سپرے کیا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پوٹاش کا استعمال فصل میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتا ہے، جبکہ دھان کے جراثیمی جھلساؤ سے بچاؤ کیلئے بیماری والے کھیت سے تندرست کھیت کو پانی نہیں دینا چاہیے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔