محکمہ زراعت کے افسران کی ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب، مشیر زراعت میاں محمد عمر کی شرکت

محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر ریسرچ عبد الوہاب اور سیکرٹری زراعت کے پرائیویٹ سیکرٹری جان گل کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا

پشاور۔ 10 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر ریسرچ عبد الوہاب اور سیکرٹری زراعت کے پرائیویٹ سیکرٹری جان گل کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پیر کو ترجمان محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے مطابق تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ زراعت دلنواز , ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ڈاکٹر عبدالرؤف سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران محکمہ زراعت کے افسران اور اہلکاروں نے ریٹائر ہونے والے افسران کی محکمہ زراعت کے لیے خدمات کو سراہا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مشیر زراعت میاں محمد عمر نے ریٹائر ہونے والے افسران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی طویل عرصے تک ادارے کے لیے خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ ملازمت کا اختتام ضرور ہے تاہم ادارے اور معاشرے کے لیے خدمات کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس موقع پر مشیر زراعت میاں محمد عمر نے ریٹائر ہونے والے افسران کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔