پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بڑی گنجائش، ایس ای سی پی کا 25 لاکھ سرمایہ کاروں کا ہدف

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں حال ہی میں لسٹ ہونے والی تین کمپنیوں نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی ایس ای سی پی ٹاک سیریز میں اپنے کامیاب آئی پی اوز، سرمایہ اکٹھا کرنے اور کاروباری توسیع کے تجربات شیئر کیے۔

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں حال ہی میں لسٹ ہونے والی تین کمپنیوں نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی ایس ای سی پی ٹاک سیریز میں اپنے کامیاب آئی پی اوز، سرمایہ اکٹھا کرنے اور کاروباری توسیع کے تجربات شیئر کیے۔ مقررین نے کاروباری ترقی اور توسیعی منصوبوں کے لیے کیپیٹل مارکیٹ کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔تینوں کمپنیوں کے آئی پی اوز کو سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ سروس لانگ مارچ ٹائرز کے آئی پی او میں 85 ارب روپے کی بولیاں موصول ہوئیں اور یہ 16.7 گنا اوور سبسکرائب ہوا جبکہ سلیکٹ ٹیکنالوجیز نے 3.02 ارب روپے کا سرمایہ اکٹھا کیا اور اس کا آئی پی او 3.23 گنا اوور سبسکرائب ہوا۔ کمپنیوں کے نمائندوں نے بتایا کہ آئی پی او سے حاصل ہونے والا سرمایہ پیداواری صلاحیت میں اضافے، نئے منصوبوں اور ورکنگ کیپیٹل کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

سیشن میں سروس لانگ مارچ ٹائرز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر سعید، ستارہ پٹرولیم سروس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظہیر بیگ اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عدنان آفتاب نے اپنے تجربات پیش کیے۔شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر احمد مرزا نے کہا کہ تقریباً 25 کروڑ 50 لاکھ آبادی اور اس میں 30 سال سے کم عمر افراد کی تقریباً دو تہائی تعداد کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں تاہم کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد اب بھی تقریباً پانچ سے چھ لاکھ ہے جو مجموعی آبادی کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی آسان سرمایہ کاری اور مالیاتی آگاہی کے فروغ کے ذریعے سرمایہ کاروں کی تعداد کم از کم 25 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف رکھتا ہے۔

عمر سعید نے بتایا کہ سروس لانگ مارچ ٹائرز پاکستان میں ٹی بی آر ٹائرز بنانے اور برآمد کرنے والی پہلی اور سب سے بڑی کمپنی ہے۔ کمپنی کے آئی پی او میں 35 ہزار سے زائد سرمایہ کاروں نے حصہ لیا۔ آئی پی او سے حاصل ہونے والا سرمایہ کمپنی کے 22.56 ارب روپے کے مسافر گاڑیوں کے ریڈیل ٹائر منصوبے کی 24.6 فیصد فنانسنگ فراہم کر رہا ہے جس کی سالانہ پیداواری صلاحیت 20 لاکھ ٹائرز ہوگی۔ظہیر بیگ نے ستارہ پٹرولیم کے پوسٹ لسٹنگ توسیعی منصوبوں جن میں گٹی آئل ڈپو، کیپیٹل سمارٹ موٹرز، ای وی چارجنگ انفراسٹرکچر اور ٹائر مینوفیکچرنگ شامل ہیں، پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ سے کمپنیوں کو سرمایہ، بہتر ویلیوایشن، ساکھ اور کاروباری توسیع کے مواقع حاصل ہوتے ہیں۔

عدنان آفتاب نے بتایا کہ سلیکٹ ٹیکنالوجیز نے پیداواری صلاحیت میں اضافے اور ورکنگ کیپیٹل کے لیے 3.02 ارب روپے اکٹھے کیے۔ کمپنی کا آئی پی او 3.23 گنا اوور سبسکرائب ہوا جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس کے حصص 21.4 فیصد پریمیئم پر اوپن ہوئے۔سوال و جواب کے سیشن میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ نوجوانوں اور نئے سرمایہ کاروں کے لیے ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے اور ایک سادہ موبائل ایپ تیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے آئی ایف ایم پی کو قومی مالیاتی آگاہی پلیٹ فارم کے طور پر فعال کرنے اور کاروباری اداروں کے لیے فنانسنگ کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی کے علیحدہ قانونی فریم ورک پر جاری کام سے بھی آگاہ کیا۔

مزید خبریں