مکئی کی فصل کو فال آرمی سنڈی سے بچانے کیلئے کاشتکار فصل کی مسلسل نگرانی کریں، محکمہ زراعت
مکئی کی فصل کو فال آرمی سنڈی سے بچانے کیلئے کاشتکار فصل کی مسلسل نگرانی کریں، محکمہ زراعت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 12 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کہا ہے کہ مکئی کی فصل کو فال آرمی سنڈی کے ممکنہ حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے فصل کی باقاعدگی سے نگرانی کریں، کیڑے کی بروقت شناخت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طور پر محکمہ زراعت کے متعلقہ ماہرین سے رابطہ کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع عامر صدیق نے بتایا کہ فال آرمی سنڈی مکئی کی فصل کو نقصان پہنچانے والا اہم کیڑا ہے جس کی بروقت تشخیص اور مناسب تدارک سے فصل کو بڑے نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔
فال آرمی سنڈی کی مختلف حیاتیاتی حالتیں ہوتی ہیں اور اس کی سنڈی ابتدائی مرحلے میں ہلکے سبز، کریمی یا ہلکے بھورے رنگ کی ہوسکتی ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ اس کی جسمانی ساخت اور رنگت میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، اس لیے کاشتکاروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ فصل میں موجود سنڈی اور اس کی علامات کی درست پہچان رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ فال آرمی سنڈی کا بالغ پروانہ عموماً بھورے رنگ کا ہوتا ہے جبکہ اس کے اگلے پروں پر سفید رنگ کے نمایاں تکونی دھبے موجود ہوتے ہیں۔ کاشتکار مکئی کے کھیتوں میں پودوں کے پتوں، کونپلوں اور دیگر حصوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں تاکہ کیڑے کی موجودگی کا ابتدائی مرحلے میں ہی پتا چلایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ فال آرمی سنڈی انڈے سے نکلنے کے بعد مختلف مراحل سے گزرتی ہے اور تقریباً 18 سے 30 دن میں سنڈی کا مرحلہ مکمل کرسکتی ہے جس کے بعد بالغ پروانے وجود میں آتے ہیں۔ اس دوران فصل کی مسلسل نگرانی نہایت اہم ہے کیونکہ سنڈی کی بروقت نشاندہی نہ ہونے کی صورت میں اس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے اور مکئی کی فصل کو نمایاں نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار خصوصی طور پر مکئی کے پودوں کی کونپلوں اور پتوں کا بغور جائزہ لیتے رہیں اور وہاں موجود سنڈی، اس کے فضلے یا پتوں پر بننے والے مشتبہ نشانات کو نظر انداز نہ کریں۔
فصل میں کسی بھی قسم کی غیر معمولی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ زرعی عملے کو اطلاع دی جائے تاکہ ماہرین کی رہنمائی میں بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ فال آرمی سنڈی کے تدارک کیلئے بروقت اطلاع اور درست تشخیص بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت غیرضروری یا غیرموزوں زرعی ادویات کے استعمال سے گریز کریں اور کیڑے کی موجودگی کی صورت میں محکمہ زراعت کے ماہرین کی سفارشات کے مطابق ہی تدارکی اقدامات کریں۔انہوں نے مکئی کے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ فصل کی مسلسل نگرانی کو اپنے معمول کا حصہ بنائیں اور فال آرمی سنڈی کے حملے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ زراعت سے رابطہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ کاشتکار زرعی مسائل، فصلوں کے کیڑوں اور بیماریوں سے متعلق ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے کیلئے ایگریکلچر ہیلپ لائن 0800-17000 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فصل کی بروقت نگرانی، نقصان دہ کیڑے کی درست شناخت اور ماہرین کی سفارشات کے مطابق فوری اقدامات کے ذریعے مکئی کی پیداوار کو ممکنہ نقصان سے محفوظ بنایا جاسکتا ہے








