ایس ای سی پی کی جانب سے سٹاک مارکیٹ میں شریعہ کمپلائنٹ بروکریج سیگمنٹ قائم، 33 اسلامی ونڈوز کی منظوری

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے شریعہ کمپلائنٹ بروکریج کا باقاعدہ سیگمنٹ قائم کر دیا ہے جس کے تحت 33 بروکریج ہائوسز شریعہ کمپلائنٹ ونڈوز کے ذریعے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے شریعہ کمپلائنٹ بروکریج کا باقاعدہ سیگمنٹ قائم کر دیا ہے جس کے تحت 33 بروکریج ہائوسز شریعہ کمپلائنٹ ونڈوز کے ذریعے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔بدھ کے روز ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان 33 بروکریج ہائوسز کا پاکستان سٹاک ایکسچینج کے مجموعی تجارتی حجم میں حصہ تقریباً 52 فیصد ہے۔ اسلامی بروکریج ونڈوز کے ذریعے سرمایہ کار اب براہ راست شریعہ کمپلائنٹ شیئرز، صکوک اور اسلامی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایفس) میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

اسلامی بروکریج سروسز کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت شریعہ گورننس کے واضح تقاضے مقرر کیے گئے ہیں۔ سرمایہ کاروں کے فنڈز اسلامی بینکاری چینلز کے ذریعے رکھے جائیں گے جبکہ ٹریڈنگ صرف شریعہ کے مطابق منظور شدہ سکیورٹیز تک محدود ہوگی۔ اسلامی بروکرز اور ونڈوز سودی فنانسنگ یا غیر شریعہ کمپلائنٹ لیوریجڈ اور قیاس آرائی پر مبنی لین دین نہیں کر سکیں گے۔اس اقدام سے ربا سے پاک سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کے لیے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع نمایاں طور پر وسیع ہوں گے۔ پی ایس ایکس میں لسٹڈ سکیورٹیز کا ایک بڑا حصہ پہلے ہی شریعہ کمپلائنٹ ہے جس سے سرمایہ کاروں کو اسلامی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔

ایس ای سی پی نے سکیورٹیز بروکرز (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز 2016 میں ترامیم کے ذریعے یہ فریم ورک متعارف کرایا تھا جس کے تحت بروکریج ہائوسز اسلامی ونڈوز، علیحدہ ذیلی کمپنیوں یا مکمل طور پر شریعہ کمپلائنٹ بروکریج میں تبدیلی کے ذریعے اسلامی مالیاتی خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔ فریم ورک میں مناسب شریعہ نگرانی کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی کے متعلقہ تقاضوں کی پابندی بھی لازم ہے۔اس وقت 535 لسٹڈ سکیورٹیز میں سے 308 شریعہ کمپلائنٹ ہیں جو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا تقریباً 65 فیصد بنتی ہیں۔

یہ اعداد و شمار ربا سے پاک سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب اور امکانات کی عکاسی کرتے ہیں۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ شریعہ کمپلائنٹ بروکریج سروسز کا فروغ حکومت کے ربا سے پاک معیشت کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سرمایہ کاروں کو شفاف اور قابل اعتماد شریعہ کمپلائنٹ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرکے ہم کیپٹل مارکیٹ کو وسعت دینا اور اسلامی مالیاتی نظام کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز اہم ترجیح ہے۔

مزید خبریں