عالمی تجارت کیلئے کارپوریٹائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے تاکہ پاکستانی کمپنیاں عالمی معیشت کا حصہ بن کے ملکی برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔
پاکستانی برآمدات میں اضافہ کے لئے کمپنیوں کی کارپوریٹائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے، فاروق یوسف شیخ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 12 اگست (اے پی پی):عالمی تجارت کیلئے کارپوریٹائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن ضروری ہے تاکہ پاکستانی کمپنیاں عالمی معیشت کا حصہ بن کے ملکی برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور سی ڈی سی شیئر رجسٹرار سروسز لمیٹڈ کے اشتراک سے غیر لسٹڈ کمپنیوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے سلسلہ میں ایک ٹیکنیکل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے،پاکستان میں بھی کارپوریٹ گورننس، شفافیت اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہی اصلاحات میں غیر لسٹڈ کمپنیوں کے فزیکل شیئرز کو Book Entry میں تبدیل کرنے کا اقدام بھی شامل ہے ،جس سے کمپنیوں کے شیئر ہولڈنگ ریکارڈ کو محفوظ، شفاف اور جدید خطوط پر استوارکیا جا سکے گا۔صدر چیمبر نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف فزیکل شیئر سرٹیفکیٹس کے ضائع ہونے، چوری یا جعل سازی جیسے خطرات کو کم کرے گا بلکہ شیئرز کی منتقلی، کارپوریٹ ایکشنز، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کو بھی آسان اور مؤثر بنائے گا۔مزید برآں اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور پاکستان کا کارپوریٹ نظام بین الاقوامی معیارات سے مزید ہم آہنگ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی حالات کی وجہ سے صنعتی شعبہ اس وقت بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں تمام محکموں اور بزنس کمیونٹی کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ٹیکنیکل سیشن کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے متعلقہ افراد کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں دستاویزی معیشت کی طرف جانا ہے تو ٹیکسوں کو کم کرنے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ کاروباری آسانیاں پیدا کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جو ادارے اپنے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر لیکر جانا چاہتے ہیں ان کیلئے دستاویزی معیشت کا حصہ بننا ضروری ہے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر میں اس اہم سیشن کا انعقاد کرنے پر ایس ای سی پی اور سی ڈی سی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سی ڈی سی کے اسسٹنٹ جنرل منیجر آپریشنز اینڈ کسٹمر سپورٹ سروسز فاروق اے بٹ نے ٹیکنیکل سیشن کے دوران شرکا کو انٹر ی بک میں اندراج کی اہمیت اور فوائدسے آگاہ کیا اور اس حوالے سے شرکا کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ، ایس ای سی پی فیصل آباد کے خرم شہزاد، سی ڈی سی کے منیجر آپریشنز وقار احمد صدیقی اور ظفر اقبال امین بھی موجود تھے۔








