اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)نے ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹموسفیرک گیسز لمیٹڈ (APAG) کی پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) میں لسٹنگ کے لیے ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) کی منظوری دے دی، کمپنی اس پیشکش کے ذریعے 2.6 ارب روپے تک کا سرمایہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔جمعرات کے روز سکیورٹی ایکسچینج کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے پی اے جی …
ایس ای سی پی نے ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹموسفیرک گیسز کے آئی پی او کی منظوری دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی)نے ایگرو پروسیسرز اینڈ ایٹموسفیرک گیسز لمیٹڈ (APAG) کی پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) میں لسٹنگ کے لیے ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) کی منظوری دے دی، کمپنی اس پیشکش کے ذریعے 2.6 ارب روپے تک کا سرمایہ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔جمعرات کے روز سکیورٹی ایکسچینج کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے پی اے جی 5 کروڑ 80 لاکھ 50 ہزار عام حصص عوامی پیشکش کے لیے پیش کرے گی جو آئی پی او کے بعد کمپنی کے ادا شدہ سرمائے کا 15 فیصد ہوں گے۔
حصص کی کم از کم قیمت 32 روپے فی شیئر مقرر کی گئی ہے جبکہ بالائی حد 44.80 روپے فی شیئر ہوگی۔ کم از کم قیمت پر کمپنی کو تقریباً 1.86 ارب روپے جبکہ بالائی قیمت پر 2.60 ارب روپے تک سرمایہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔آئی پی او بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا جس میں 75 فیصد حصص ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور زیادہ مالی استعداد رکھنے والے انفرادی سرمایہ کاروں کے لیے مختص ہوں گے جبکہ باقی 25 فیصد حصص عام سرمایہ کاروں کو پیش کیے جائیں گے۔کم از کم قیمت پر حاصل ہونے والی رقم کا تقریباً 75 فیصد سرمایہ جاتی اخراجات پر خرچ کیا جائے گا جن میں پلانٹ اور مشینری، ویئر ہاؤسنگ و سٹوریج کی سہولیات اور گرین انرجی انفراسٹرکچر شامل ہیں،تقریباً 10 فیصد رقم ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے جبکہ باقی 14 فیصد مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کے اقدامات کے لیے استعمال کی جائے گی۔
کم از کم قیمت سے زیادہ سٹرائیک پرائس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی اضافی رقم کمپنی کے ورکنگ کیپیٹل کو مزید مستحکم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔اے پی اے جی خوردنی تیل، بناسپتی، صنعتی چکنائی اور مارجرین کے علاوہ مصالحہ جات اور ساسز کی تیاری، پراسیسنگ اور مارکیٹنگ کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمیوں میں سویا بین، کینولا اور دیگر نباتاتی تیل کی ریفائننگ اور پراسیسنگ شامل ہے۔ایس ای سی پی نئی کمپنیوں کی لسٹنگ میں سہولت فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دے کر ایک فعال اور مؤثر کیپٹل مارکیٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ سرمایہ کاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سرمایہ کاری کا فیصلہ کرنے سے قبل پراسپیکٹس بالخصوص اس میں بیان کردہ خطرات کا بغور جائزہ لیں۔








