دھان کی فصل کے کاشتکاروں کو کیڑوں اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت

محکمہ زراعت نے دھان کی فصل کے کاشتکاروں کو فصل پر حملہ آور ہونے والے کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک کے لیے بروقت اور محتاط اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو تاکید کی گئی ہے کہ دھان کی فصل کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور کیڑوں یا بیماریوں کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ زراعت کے ماہرین …

فیصل آباد۔ 13 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے دھان کی فصل کے کاشتکاروں کو فصل پر حملہ آور ہونے والے کیڑوں اور بیماریوں کے تدارک کے لیے بروقت اور محتاط اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو تاکید کی گئی ہے کہ دھان کی فصل کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور کیڑوں یا بیماریوں کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ زراعت کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع عدیل احمد نے بتایا کہ دھان کی فصل کو مختلف کیڑوں اور بیماریوں سے نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے، اس لیے کاشتکار فصل کی صحت اور بڑھوتری پر خصوصی نظر رکھیں۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ زرعی ادویات کا استعمال فصل پر موجود کیڑے یا بیماری کی نوعیت کے مطابق ماہرین کی سفارشات کے تحت کیا جائے۔

کاشتکار اپنی مرضی سے غیر ضروری یا غیر منظور شدہ ادویات کے استعمال سے گریز کریں تاکہ فصل، ماحول اور انسانی صحت پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔انہوں نے پری ہارویسٹ انٹرول (PHI) کا خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ کسی بھی زرعی زہر کے استعمال کے بعد مقررہ وقفہ مکمل ہونے سے پہلے فصل کی برداشت نہ کریں کیونکہ زرعی ادویات کے محفوظ استعمال اور برداشت کے درمیان مقررہ وقفہ انسانی صحت کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ دھان کی فصل میں کسی بھی مشتبہ کیڑے یا بیماری کی موجودگی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ زرعی عملے سے رابطہ کریں اور سفارش کردہ طریقہ کار کے مطابق تدارک کریں۔

بروقت تشخیص اور مناسب زرعی اقدامات سے نہ صرف فصل کو نقصان سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ پیداوار اور معیار کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے ایگریکلچر ایکسٹینشن ہیلپ لائن 0800-17000 بھی دستیاب ہے، جہاں مقررہ اوقات میں زرعی ماہرین سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ محکمہ زراعت نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے دھان کے کاشتکاروں سے اپیل کی ہے کہ فصل کی مسلسل نگرانی کریں، زرعی ماہرین کی سفارشات پر عمل کریں اور زرعی ادویات کے محفوظ استعمال کو یقینی بنائیں۔

 

مزید خبریں