ملک میں کاروں کی فروخت میں جولائی کے دوران 141.28 فیصد اضافہ

رواں مالی سال جولائی کے دوران ملک میں کاروں کی فروخت میں 141.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2026ء میں ملک میں مجموعی طور پر 17216 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ جولائی 2025ء میں کاروں کی فروخت 7135 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):رواں مالی سال جولائی کے دوران ملک میں کاروں کی فروخت میں 141.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جولائی 2026ء میں ملک میں مجموعی طور پر 17216 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ جولائی 2025ء میں کاروں کی فروخت 7135 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2026ء میں ہونڈا سوک اور سٹی کی فروخت 2529 یونٹس رہی جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں 1143 یونٹس فروخت ہوئے ۔ٹویوٹا کرولا اور یارس کی فروخت 77.12 فیصد اضافے کے ساتھ 4283 یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے اسی ماہ میں 2418 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔بڑے ماڈلز میں سوزوکی سوئفٹ کی فروخت میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کی فروخت 286.59 فیصد بڑھ کر 2018 یونٹس ہوگئی جبکہ جولائی 2025ء میں 522 یونٹس فروخت ہوئے ۔زیادہ فروخت ہونے والے ماڈلز میں شامل سوزوکی آلٹو کی فروخت بھی نمایاں طور پر بڑھی اور جولائی 2026ء میں 7217 یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ گزشتہ سال جولائی میں اس کی فروخت 2327 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔سوزوکی کلٹس کی فروخت جولائی میں 392 یونٹس رہی جو گزشتہ سال اسی ماہ میں 239 یونٹس تھی جبکہ سوزوکی ایوری کی فروخت 54.06 فیصد اضافے کے ساتھ 493 یونٹس ہوگئی جو جولائی 2025ء میں 320 یونٹس تھی۔

دوسری جانب ہنڈائی ایلانٹرا کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 57 فیصد کم ہو کر 25 یونٹس رہ گئی جبکہ جولائی 2025ء میں اس کی فروخت 66 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا۔ دیوان ہونری-وی کی فروخت جولائی 2026ء میں دگنی ہو کر 48 یونٹس ہوگئی جبکہ گزشتہ سال جولائی میں 24 یونٹس فروخت ہوئے تھے جو 100 فیصد اضافے کے برابر ہے۔