آئی سی سی آئی وفد اور ترک کاروباری رہنماؤں کی استنبول میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی مشترکہ تقریب، پاک ترک دوستی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا، سردار طاہر محمود

آئی سی سی آئی وفد اور ترک کاروباری رہنماؤں کی استنبول میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی مشترکہ تقریب، پاک ترک دوستی کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا، سردار طاہر محمود

استنبول ۔15اگست (اے پی پی):صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) سردار طاہر محمود کی قیادت میں آئی سی سی آئی کے وفد نے استنبول میں ترک کاروباری رہنماؤں کے ہمراہ پاکستان کا 80واں یومِ آزادی منایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود نے مشترکہ طور پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی، برادرانہ تعلقات اور معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔آئی سی سی آئی کی جانب سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی حفاظت اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی تجدیدِ عہد، قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی کے لیے اپنے کردار کو مزید موثر بنانے کا موقع ہے۔سردار طاہر محمود نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے ملکی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے لیے غیر معمولی عزم، بہادری اور قربانیوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کی ان قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے، کیونکہ ملک میں امن و استحکام ہی معاشی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، تاہم وقت کا تقاضا ہے کہ ان مثالی تعلقات کو مزید مضبوط اور متحرک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط اور کاروباری تعاون میں اضافہ تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور نئے کاروباری مواقع کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ کاروباری سفارت کاری کو پاک ترک اقتصادی شراکت داری کا محرک بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری صرف تجارتی سرگرمیوں کو فروغ نہیں دے رہی بلکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کے پل بھی مضبوط کر رہی ہے۔سردار طاہر محمود نے آئی سی سی آئی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیمبر پاکستانی اور ترک کاروباری برادریوں کو قریب لانے، نئے مارکیٹ مواقع تلاش کرنے، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

دریں اثناء ترک کاروباری نمائندوں نے پاکستان کے عوام کو 80ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے لیے امن، استحکام، خوشحالی اور معاشی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط میں اضافہ دونوں ممالک کے مشترکہ معاشی مفادات کو مزید تقویت دے گا۔