موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والے رکشوں کی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2026 کے دوران 38.44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پاما )کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 72 ہزار 416 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر فروخت کیے گئے جب کہ جولائی 2025 میں فروخت کا حجم ایک لاکھ 24 ہزار 538 یونٹس رہا …
جولائی 2026 میں موٹر سائیکلز کی فروخت میں 38.44 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والے رکشوں کی فروخت میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2026 کے دوران 38.44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پاما )کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 72 ہزار 416 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر فروخت کیے گئے جب کہ جولائی 2025 میں فروخت کا حجم ایک لاکھ 24 ہزار 538 یونٹس رہا تھا ۔
اس طرح جولائی 2025 کے مقابلہ میں جولائی 2026 کے دوران موٹر سائیکلز اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 47,878 یونٹس یعنی 38 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ہونڈا موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 43.49 فیصد کا نمایاں اضافہ ہو ا اور فروخت کا حجم جولائی 2025 کے 104,579 یونٹس سے بڑھ کر جولائی 2026 میں 150,063 یونٹس تک پہنچ گیا۔
اسی طرح، سوزوکی موٹر سائیکلوں کی فروخت گزشتہ سال جولائی میں 2,518 یونٹس رہی تھی تاہم رواں مالی سال میں جولائی 2026 کے دوران 3,259 یونٹس تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ موٹر بائیکس کی فروخت میں بھی اضافہ کا رجحان رہا اور جولائی 2026 میں فروخت 30.05 فیصد اضافہ سے 16,393 یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ جولائی 2025 میں 12,605 یونٹس فروخت کئے گئے تھے۔
پاما کے مطابق تین پہیوں والے رکشوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ یونائیٹڈ آٹو تھری وہیلر کی فروخت جولائی 2026 میں بڑھ کر 139 یونٹس ہوگئی جبکہ جولائی 2025 میں 108 یونٹس فروخت کئے گئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق، سازگار تھری وہیلر کی فروخت میں 81.06 فیصد کا خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فروخت کا حجم جولائی 2025 کے 1,415 یونٹس سے بڑھ کر جولائی 2026 میں 2,562 یونٹس تک پہنچ گیا۔.








