صدر چیمبر کاگڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ہڑتال کو موخر کرنے کا خیر مقدم

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ہڑتال کو موخر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت اور ٹرانسپورٹروں سے اپیل کی ہے

فیصل آباد۔ 17 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے ہڑتال کو موخر کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت اور ٹرانسپورٹروں سے اپیل کی ہے کہ مسائل کو مستقل طور پر حل کریں تاکہ ملکی صنعتوں کے خام مال کی درآمد اور تیار مال کی برآمد متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ 9روزہ ہڑتال سے برآمدی صنعتوں کو درآمدی خام مال کی سپلائی چین ٹوٹ گئی ہے جسے بحال کرنے کیلئے مزید کئی ہفتے درکار ہوں گے۔ اسی طرح بندرگاہ جانے کیلئے رکے ہوئے کنٹینروں کی بحالی کیلئے بھی دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔

انہوں نے ہڑتال کے عارضی خاتمے کے حوالے سے کہا کہ سپلائی چین کے مکمل طور پر بحال ہونے پر دوبارہ ہڑتال کا خدشہ برآمد کنندگان کے سر پر منڈلا رہا ہوگا اور وہ غیر ملکی کنسائنمنٹس بروقت روانہ نہیں کر پائیں گے۔ انہوں نے ملکی معیشت کیلئے برآمدات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال ختم کرنے کا مستقل فیصلہ کیا جائے تاکہ غیر ملکی آرڈرز کی بروقت ترسیل یقینی بنا ئی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گومگوں کی صورتحال میں کھل کے برآمدات کو جاری رکھنا اور کاروبار کرنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو موجودہ عالمی حالات میں ملکی معیشت کے استحکام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں بہترین فیصلہ کرنا ہوگا۔