محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو شکر قندی کی اگیتی فصل کی برداشت جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سیالکوٹ،کاشتکاروں کو شکر قندی کی اگیتی فصل کی برداشت جلد شروع کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
سیالکوٹ۔18اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کاشتکاروں کو شکر قندی کی اگیتی فصل کی برداشت جلد شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ زراعت آفیسر مرکز کینٹ عمار عبداللہ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شکر قندی کی اگیتی فصل کی برداشت اگست میں شروع ہو جاتی ہے جبکہ عام فصل نومبر اور دسمبر میں کاشت کی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شکر قندی کی برداشت کے لیے پہلے بیلیں کاٹ کر کدال وغیرہ کی مدد سے زمین سے شکر قندی نکالی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برداشت کے بعد 15 سے 20 دن تک شکر قندی کو 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر رکھنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر شکر قندی کو گودام میں محفوظ کیا جائے تو وہاں نمی کا تناسب تقریباً 70 فیصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شکر قندی کو محفوظ کرنے کے دو سے تین ماہ بعد اس کی مٹھاس میں اضافہ ہو جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود نشاستہ بتدریج شکر میں تبدیل ہو جاتا ہے۔








