"پاکستان میں گوگل کے پہلے آفس کا قیام ملک میں ڈیجیٹل انقلاب کی رفتار مزید تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، فاروق یوسف شیخ”
پاکستان میں گوگل کے پہلے آفس کے قیام سے ڈیجیٹل انقلاب کی رفتار مزید تیز ہو گی، صدر فیصل آباد چیمبر
فیصل آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گوگل کے پہلے آفس کے قیام سے یہاں ڈیجیٹل انقلاب کی رفتار مزید تیز ہو گی۔
بدھ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی اس بڑی کمپنی کی پاکستان میں براہِ راست موجودگی ملک کے ٹیکنالوجی کے شعبے پر عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے اور توقع ہے کہ آنے والے برسوں میں ڈیجیٹل معیشت کے ذریعے اربوں ڈالر کمائے جا سکیں گے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ یہ اقدام معیشت کو ڈیجیٹل بنانے اور ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافے کے لیے قومی کوششوں سے مکمل ہم آہنگ ہے اور کاروباری برادری کو بھی اس سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مقامی برانڈز اور مارکیٹنگ ایجنسیوں کو اپنی ڈیجیٹل تشہیری مہموں کو بہتر بنانے، کارکردگی بڑھانے اور سرمایہ کاری پر زیادہ منافع حاصل کرنے کے لیے براہِ راست مدد ملے گی۔اسی طرح کاروباری ادارے مقامی سطح پر گوگل کلاؤڈ سروسز سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جس سے فوری اور بہتر ڈیٹا کمپلائنس میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے جدید ٹولز اور تربیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کاروبار کو آن لائن منتقل اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے جبکہ بڑے پاکستانی کاروباری ادارے بھی گوگل کے ساتھ براہِ راست رابطے کے ذریعے اپنی ضروریات کے مطابق مصنوعی ذہانت کو بروئے کار لاتے ہوئے سافٹ وئیر تیار کرنے میں تعاون کر سکیں گے۔فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ گوگل کے ایکو سسٹم کے ذریعے خاص طور پر کاروباری برادری کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام اور مالیاتی شمولیت سے متعلق ایپس کی تیاری اور تنصیب میں آسانی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نوجوان سٹارٹ اپس اور خواتین کو بھی براہ راست فائدہ ہو گا کیونکہ اس سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔اسی طرح تربیتی پروگراموں میں توسیع کے ذریعے مقامی ڈویلپرز، فری لانسرز اور طلبہ کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید مہارتیں حاصل کرنے کا بھی موقع ملے گا۔مزید برآں مقامی کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو گوگل کے ماہرین کی رہنمائی، انکیوبیٹر پروگرامز اور عالمی فنڈنگ نیٹ ورکس تک رسائی حاصل ہوگی جبکہ خصوصی وسائل اور سہولیات پاکستان کی بڑی فری لانس کمیونٹی کو اپنی آمدنی کے تحفظ، بہتر معاوضے والے بین الاقوامی معاہدے حاصل کرنے اور عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں اپنی خدمات کو مزید وسعت دینے میں بھی مدد دیں گی۔









