غذائی اشیا کی برآمدات میں جولائی کے دوران 2.47 فیصد اضافہ ہوا،ادارہ شماریات

غذائی اشیا کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی )کے دوران 2.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2026 کے دوران ملک سے غذائی اشیا کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):غذائی اشیا کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے ماہ (جولائی )کے دوران 2.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2026 کے دوران ملک سے غذائی اشیا کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔جولائی 2026 کے دوران 437.078 ملین ڈالر مالیت کی غذائی اشیا برآمد کی گئیں جبکہ جولائی 2025 میں ان کا حجم 426.555 ملین ڈالر رہا تھا۔زیر جائزہ مدت کے دوران چاول کی برآمدات میں نمایاں 19.15 فیصد اضافہ ہوا اور ملک نے 346024 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے جن کی مالیت 199.950 ملین ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال جولائی میں 293166 میٹرک ٹن چاول 167.183 ملین ڈالر میں برآمد کیے گئے تھے۔مچھلی اور اس سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات کی مالیت میں بھی معمولی اضافہ ہوا اور ملک نے 11568 میٹرک ٹن مچھلی اور اس سے تیار کردہ مصنوعات برآمد کرکے 22.544 ملین ڈالر حاصل کیے جبکہ جولائی 2025 میں 11738 میٹرک ٹن کی برآمدات سے 22.447 ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے۔تمباکو کی برآمدات میں جولائی کے دوران نمایاں 72.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جولائی 2026 میں 2334 میٹرک ٹن تمباکو 6.861 ملین ڈالر مالیت میں برآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی ماہ 1292 میٹرک ٹن تمباکو کی برآمد سے 3.976 ملین ڈالر حاصل ہوئے تھے ۔جولائی 2026 میں مصالحہ جات کی برآمدات میں 9.95 فیصد اضافہ ہوا اور 2905 میٹرک ٹن مصالحہ جات کی برآمد سے 7.426 ملین ڈالر کمائے گئے۔ دریں اثنا، خشک میوہ جات کی برآمدات میں 493.70 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور ان کی برآمدی مالیت 24.898 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔گوشت اور اس سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں بھی جولائی 2026 کے دوران 16.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک نے 8963 میٹرک ٹن سے زائد گوشت اور اس سے تیار کردہ مصنوعات برآمد کیں جن کی مالیت 47.001 ملین ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال جولائی میں 9141 میٹرک ٹن کی برآمدات کی مالیت 40.449 ملین ڈالر تھی۔