غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں جولائی کے دوران اضافہ، حجم261.4 ملین ڈالر رہا،سٹیٹ بینک

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں مالی سال کے پہلے مہینے میں سالانہ بنیاد پر 7.1 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 72.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں مالی سال کے پہلے مہینے میں سالانہ بنیاد پر 7.1 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 72.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے ملک میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 261.4 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کئے جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 7.1 فیصد زیادہ ہیں، گزشتہ سال جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 244 ملین ڈالر بیرون ملک منتقل کئے تھے۔ جون کے مقابلے میں جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں سالانہ بنیاد پر 72.6 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی، جون میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 151.4 ملین ڈالر زرمبادلہ بیرون ملک منتقل ہوا۔ جولائی میں مالیاتی بزنس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حاصل منافع کی مد میں 61.9 ملین ڈالر ، بجلی 73.1 ملین ڈالر ، خوراک 8.8 ملین ڈالر ، مواصلات 24 ملین ڈالر ، تمباکو و سگریٹ 14.6 ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ 11.5 ملین ڈالر ، مشروبات 12.9 ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ آلات 8.1 ملین ڈالر، تیل وگیس کی تلاش 0.4 ملین ڈالر ، کانکنی 8.5 ملین ڈالر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 33.5 ملین ڈالر کی بیرون ملک منتقلی ریکارڈ کی گئی۔