چین کو پاکستان کی چاول کی برآمدات میں رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران بڑھ کر 122.99 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔
چین کو چاول کی برآمدات میں سالانہ بنیا د پر 200 فیصد اضافہ، حجم 122.99 ملین ڈالر رہا،رپورٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):چین کو پاکستان کی چاول کی برآمدات میں رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران بڑھ کر 122.99 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں۔
چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی)کے مطابق جنوری تا جولائی 2025 چین کو پاکستانی چاول کی برآمدات 40.93 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو رواں سال کے پہلے سات ماہ کے دوران 200.49 فیصد اضافے کے ساتھ 122.99 ملین ڈالر ہوگئیں۔حجم کے اعتبار سے بھی چاول کی چین کو ترسیل میں 265.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جنوری تا جولائی 2025 ، 98723 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات کے مقابلے میں رواں سال اسی عرصے میں 360887 میٹرک ٹن چاول برآمد کئے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق چاول کی برآمدات میں مکمل اور ٹوٹے ہوئے دونوں اقسام کے چاول کی طلب میں اضافہ ہوا۔لانگ گرین رائس (ایچ ایس 1006.3020) برآمدات کا اہم حصہ رہے اور ا ن کی برآمدات 58.10 ملین ڈالر رہیں جو مجموعی چاول کی برآمدات کا 47 فیصد سے زائد ہیں۔
اس قسم کے 157,329 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے جو سالانہ بنیاد پر 76.48 فیصد اضافہ ہے۔دوسری جانب لانگ گرین بروکن رائس (ایچ ایس 1006.4020) سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی کیٹیگری رہی جس کی برآمدات میں 607.89 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 41.50 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کیٹیگری کے 130,110 میٹرک ٹن چاول چین بھیجے گئے۔اسی طرح شارٹ اینڈ میڈیم گرین بروکن رائس (ایچ ایس 1006.4080) کی برآمدات میں 988.07 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 23.40 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، اس کیٹیگری کے تحت 73,448 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے۔چین کے مختلف علاقوں میں گوانگ ڈونگ صوبہ پاکستانی چاول کی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی رہا جہاں 41.64 ملین ڈالر مالیت کے چاول بھیجے گئے جو چین کو پاکستان کی مجموعی چاول برآمدات کا تقریباً 34 فیصد ہے۔
بیجنگ میونسپلٹی 37.57 ملین ڈالر کی درآمدات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جس کا حصہ 30.55 فیصد تھا، جیانگ شی صوبہ 18.82 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے جبکہ جیانگ سو صوبہ 8.38 ملین ڈالر کے ساتھ نمایاں منڈیوں میں شامل رہا۔جنوبی چین کے صوبوں میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں اضافے کی اہم وجہ پاکستان کی رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعلیٰ سطحی وفد کا گوانگ ژو کا دورہ اور متعدد ویبینارز کا انعقاد تھا۔ گوانگ ژو میں پاکستان کے کمرشل اینڈ ٹریڈ قونصلر کی سہولت کاری اور رابطہ کاری کے تحت وفد نے چینی اناج درآمد کنندگان، تقسیم کاروں اور فوڈ پراسیسنگ کمپنیوں کے ساتھ کاروباری سطح پر براہ راست ملاقاتیں کیں،ان ملاقاتوں کے نتیجے میں براہ راست چینی مارکیٹ تک رسائی کے مواقع پیدا ہوئے اور متعدد بڑے تجارتی معاہدے طے پائے جس سے گوانگ ڈونگ کی بندرگاہوں کے ذریعے پاکستانی چاول کی ترسیل میں اضافہ ہوا۔
گوانگ ژو میں پاکستان کے قونصل خانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر محمد عمران نے چائنا اکنامک نیٹ کو بتایا کہ مسابقتی قیمت، اعلیٰ معیار کی ملنگ اور چین کے فوڈ پراسیسنگ اور مویشیوں کی خوراک کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث چاول دوطرفہ تجارت کا اہم حصہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلک خام اجناس کے بجائے اعلیٰ قدر والے برانڈڈ پیکجڈ باسمتی چاول کی طرف منتقلی، جدید بیج ٹیکنالوجی کے لیے مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری اور چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے طویل مدتی کنٹریکٹ فارمنگ شراکت داری قائم کرکے اپنی برآمدی آمدنی میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔








