محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز جاری ہیں،ڈاکٹرحیدر علی خان

ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹرحیدر علی خان نے کہا ہے تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں مویشی پال حضرات اور جانوروں کے مالکان کو معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے

فیصل آباد۔ 24 اگست (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹرحیدر علی خان نے کہا ہے تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں مویشی پال حضرات اور جانوروں کے مالکان کو معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں جانوروں کے علاج معالجے، تولیدی مسائل کے حل، سرجری اور چیچڑ مار سپرے سمیت مختلف ضروری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی صحت کو بہتر بنانے اور مویشی پال افراد کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے تحت ویٹرنری ہسپتالوں میں قائم او پی ڈی سروسز کے ذریعے بیمار جانوروں کا معائنہ، تشخیص اور علاج کیا جا رہا ہے جبکہ ضرورت کے مطابق ادویات اور دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جانوروں میں پائے جانے والے مختلف تولیدی مسائل کے علاج کے لیے بھی ویٹرنری ماہرین کی خدمات دستیاب ہیں۔ تولیدی صحت بہتر ہونے سے جانوروں کی افزائش اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن ہے، جس کے نتیجے میں مویشی پال حضرات کی آمدن اور دیہی معیشت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج پر بھی زور دیا جا رہا ہے اور ان کی مختلف بیماریوں اور بیرونی طفیلیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے چیچڑ مار سپرے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ مویشی پال حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کی صحت اور صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور بیماری یا کمزوری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود علاج کرنے کے بجائے قریبی ویٹرنری ہسپتال یا محکمہ لائیو سٹاک کے متعلقہ عملے سے رجوع کریں۔انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے جانوروں کے معمول کے طبی معائنے، بروقت علاج اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں اور محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت یا سرکاری سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ جانوروں کی صحت کی بہتری کے ساتھ ساتھ مویشی پال کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہو سکے