گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجرا میں جولائی کے دوران سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینک قرضوں کے اجرا میں جولائی کے دوران اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجرا میں جولائی کے دوران سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 386 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 35.2 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کےلئے صارفین کو 286 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے تھے ۔ جون کے مقابلے میں جولائی میں گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کے اجرا میں ماہانہ بنیادوں پر 1.2 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ۔ جون میں آٹو فنانس کےلئے بینکوں نے مجموعی طور پر 382 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے تھے جو جولائی میں بڑھ کر 386 ارب روپے ہوگئے۔ واضح رہے کہ جولائی میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 10.89 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سال جولائی کے 9.48 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 14.9 فیصد زیادہ ہے۔








