چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا پاکستان میں موبیز کی توسیع کا خیرمقدم، ڈیجیٹلائزیشن معاشی ترقی کا اہم محرک قرار

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی مسابقت کا انحصار ڈیجیٹلائزیشن، جدت اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ماڈلز کو مؤثر طور پر اپنانے پر ہے

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی مسابقت کا انحصار ڈیجیٹلائزیشن، جدت اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ماڈلز کو مؤثر طور پر اپنانے پر ہے، پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت ٹیکنالوجی پروفیشنلز ملک کو آئی ٹی سروسز، ڈیجیٹل سلوشنز اور عالمی ٹیکنالوجی سروسز کا اہم علاقائی مرکز بنانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ایس ایم سی پی کی جانب سے جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ایس ای سی پی ایک شفاف، مؤثر اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ریگولیٹری ماحول کے قیام کے لئے کارپوریٹ سیکٹر، کیپٹل مارکیٹس، انشورنس، نان بینک فنانشل سروسز اور کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹس کے ریگولیٹری فریم ورک کو مسلسل آسان اور جدید بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کاروبار کی لاگت اور وقت کم کرنے، شفافیت و ریگولیٹری تعمیل بہتر بنانے، سرمایہ کاری میں سہولت دینے اور کاروبار کو مؤثر انداز میں وسعت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، ایس ای سی پی کا مقصد ریگولیٹری عمل کو مزید ڈیجیٹل، سہل اور کاروبار دوست بنانا ہے جبکہ گورننس اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے معیارات برقرار رکھنا بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اور بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پائیدار معاشی ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں جبکہ معیاری روزگار کے مواقع اور پاکستانی پروفیشنلز کو عالمی منڈیوں سے جوڑنا اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے۔اس تناظر میں ایس ای سی پی چیئرمین نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک سلیکون 1، کراچی میں دفتر کے ذریعے موبیز کی پاکستان میں توسیع کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چار براعظموں میں 170 سے زائد پروفیشنلز اور کلاؤڈ، ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی میں مہارت رکھنے والی موبیز کی موجودگی پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم میں موجود مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے موبیز اور اس کی قیادت کو اس اہم سنگِ میل پر مبارکباد دی اور پاکستان میں کمپنی کی مزید کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید خبریں