پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ہیوگو بینک کو ریگولیٹری منظوری، ڈیجیٹل بینکاری کے فروغ میں اہم پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ کاری اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ہیوگو بینک نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے اپنے کنٹرولڈ پائلٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری حاصل کر لی ہے۔ہیوگو بینک پاکستان اور سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے اشتراک سے قائم ہونے والا ڈیجیٹل ریٹیل بینک ہے، جس کی ریگولیٹری منظوری پاکستان میں سرمایہ کاری اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے لیے سازگار ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔کنٹرولڈ پائلٹ مرحلے کے دوران بینک کی ڈیجیٹل خدمات کو محدود پیمانے پر آزمایا جائے گا، جبکہ سکیورٹی، نظام کی کارکردگی، آپریشنل صلاحیت اور صارف کے تجربے کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر بینک کے مستقبل کے آپریشنز کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔ہیوگو بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاصم حسن نے ریگولیٹری مراحل کی تکمیل میں معاونت اور سہولت کاری پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی سہولت کاری سے پاکستان میں جدید مالیاتی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل بینکاری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔حکام کے مطابق ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ سے صارفین کو جدید، تیز رفتار اور ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی خدمات تک رسائی ملنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ڈیجیٹل معیشت کے اہداف کو بھی تقویت ملے گی۔








