لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ بہترین کارکردگی کا اعتراف اور باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی معاشرے میں میرٹ، محنت اور کامیابی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے نہایت اہم ہے
بہترین کارکردگی کا اعتراف معاشرے میں میرٹ اور حوصلہ افزائی کے فروغ کا ذریعہ ہے، فہیم الرحمن سہگل

مزید خبریں
لاہور۔28اگست (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ بہترین کارکردگی کا اعتراف اور باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی معاشرے میں میرٹ، محنت اور کامیابی کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی خدمات کو سراہنا انہیں مزید بہتر کارکردگی کے لیے حوصلہ دیتا ہے۔وہ ادارہ فروغِ تعلیم کے زیر اہتمام بہترین کارکردگی ایوارڈز کی تقریب سے بطور صدرِ مجلس خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے دیگر شرکامیں ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر فردوس نثار، چیئرمین ادارہ فروغِ تعلیم ، محمد طیب ورک، کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ویمن انٹرپرینیورز بزنس فورم، شیخ محمد فیاض اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی، رکن صوبائی اسمبلی رخسانہ کوثر، پروفیسر ڈاکٹر سیدہ زریں فاطمہ رضوی، وائس چانسلر IISAT یونیورسٹی گوجرانوالہ، پروفیسر ڈاکٹر عظمی قریشی،
وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، ڈاکٹر پھول شہزادی، سینئر سائنسدان (پی سی ایس آئی آر) لیبارٹریز، مہنور نوید، میاں حنیف طاہر، ڈاکٹر صفیہ انجم اور ڈاکٹر منیزہ عباس نے شرکت کی۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ تعلیم، تحقیق، سائنس، کاروبار اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے۔ ایسے افراد جو اپنی محنت، صلاحیت اور عزم سے دوسروں کے لیے مثال بنتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی ایک مثبت اور ترقی پسند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے ادارہ فروغِ تعلیم کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈز دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف کامیاب افراد کی خدمات کا اعتراف کرتی ہیں بلکہ دوسروں کو بھی آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ترغیب دیتی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد طیب ورک، چیئرمین ادارہ فروغِ تعلیم نے کہا کہ ادارے کا مقصد تعلیمی و پیشہ ورانہ میدان میں نمایاں صلاحیتوں کے حامل افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔







