سعودی وزیر کے دورہ سے زرعی و تجارتی تعاون کو فروغ ملے گا، شاہد عمران

سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی اقتصادی تعلقات، بالخصوص زرعی تجارت، سرمایہ کاری، تحقیق اور مشترکہ منصوبوں میں نئی پیش رفت ہو گی

لاہور۔30اگست (اے پی پی):سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی کے دورہ پاکستان سے پاک سعودی اقتصادی تعلقات، بالخصوص زرعی تجارت، سرمایہ کاری، تحقیق اور مشترکہ منصوبوں میں نئی پیش رفت ہو گی ۔ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے اتوار کو یہاں فوڈ ایکسپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نجی شعبہ سعودی عرب کے ساتھ زرعی اور اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے اور سعودی مارکیٹ میں پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے فوڈ ایکسپورٹرز کا وفد کوآرڈینیٹر وفاقی محتسب برائے ٹیکس سیف الرحمن کی قیادت میں ریاض کا دورہ کر رہا ہے، جہاں سعودی ہم منصبوں سے غذائی ضروریات اور برآمدی مواقع پر بات چیت کی جا رہی ہے۔ شاہد عمران نے کہا کہ سعودی وزیر کا دورہ پاک سعودی ایگریکلچر انویسٹمنٹ فنڈ کا قیام دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جبکہ نجی شعبے کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں سے تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ ملے گا۔