فیصل آباد ،ریجنل ایگریکلچر فورم کا زرعی شعبے میں غذائی تحفظ کے لئے جامعات، تحقیق اور صنعت کے مضبوط روابط پر زور

ریجنل ایگریکلچر فورم سنٹرل پنجاب نے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور طویل المدتی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامعات، تحقیقی اداروں، زرعی توسیعی خدمات، کاشتکار برادری اور صنعت کے مابین مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے

فیصل آباد۔ 31 اگست (اے پی پی):ریجنل ایگریکلچر فورم سنٹرل پنجاب نے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور طویل المدتی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامعات، تحقیقی اداروں، زرعی توسیعی خدمات، کاشتکار برادری اور صنعت کے مابین مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اجلاس کی صدارت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، قدرتی وسائل میں کمی اور خوراک کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر مربوط، سائنسی بنیادوں پر مبنی اور عملی حل ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعات، تحقیقی اداروں، سرکاری محکموں، زرعی توسیعی خدمات، کاشتکاروں اور نجی شعبے کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ جدید زرعی ٹیکنالوجیز کو لیبارٹریوں سے کاشتکاروں کے کھیتوں تک تیزی سے منتقل کیا جا سکے۔

اجلاس میں پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے تحت تحقیقی تجاویز، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایڈجنکٹ فیکلٹی اقدام، پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی سپروائزری کمیٹیوں میں حکومت اور صنعت سے ماہرین کی شمولیت سمیت مختلف اہم اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سائنسدانوں پر بھی زور دیا گیا کہ وہ زرعی یونیورسٹی کے ایڈجنکٹ فیکلٹی پروگرام کے لیے درخواستیں دیں تاکہ مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ شرکاء نے سیلاب کی نقشہ سازی اور اس کے زراعت پر اثرات، بالخصوص موسمیاتی و قدرتی آفات کے مقابلے میں لچکدار زرعی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کی۔ اجلاس میں ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر بابر شہباز، ترقی پسند کاشتکار سید فیصل حسن شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران

ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن حکومت پنجاب خالد محمود، چیئرمین شعبہ آبپاشی ڈاکٹر عدنان شاہد، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر محمد خالد بشیر، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار، ڈائریکٹر مرکز برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ، ڈاکٹر راؤ صابر اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

 

مزید خبریں