پیٹاڈکے نئے تعینات سول سرونٹس کے وفد کا پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن فیصل آباد کا دورہ

پیٹاڈکے نئے تعینات سول سرونٹس کے وفد کا پاکستان ہوزری مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن فیصل آباد کا دورہ

فیصل آباد۔ 01 ستمبر (اے پی پی):وزارتِ تجارت کے زیرِ انتظام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ (PITAD) کے 32ویں بیچ کے اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (STP) میں شامل نئے تعینات سول سرونٹس کے وفد نے پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PHMA) ہاؤس فیصل آباد کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر (ٹریننگ) PITAD سہیل احمد نے کی جبکہ دورے کا مقصد کاروباری و برآمدی شعبے کے عملی پہلوؤں سے آگاہی حاصل کرنا اور صنعتکاروں و برآمد کنندگان کے تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین PHMA نارتھ زون احمد افضل اعوان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اور اپیرل سیکٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی صنعت کو عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے مسابقتی توانائی نرخ، مؤثر ٹیکس پالیسی اور سازگار شرح سود سمیت کاروباری ماحول میں تسلسل کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل اور اپیرل برآمد کنندگان کو بنگلہ دیش، ویتنام، چین اور بھارت سمیت اہم علاقائی ممالک سے مسابقت کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے عائد کیے گئے Reciprocal Tariffs کے تناظر میں پاکستانی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں مسابقت مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

احمد افضل اعوان نے کہا کہ کاروباری برادری اور حکومتی اداروں کے درمیان مسلسل مشاورت سے ایسی پالیسیوں کی تشکیل میں مدد مل سکتی ہے جو برآمدات کے فروغ، صنعتی ترقی اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بہتر بنانے میں معاون ہوں۔ ڈائریکٹر (ٹریننگ) PITADسہیل احمد نے کہا کہ تربیتی پروگرام کے تحت افسران کو کاروباری برادری اور برآمدی صنعت کے عملی معاملات سے روشناس کرانا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسران مستقبل میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ میں اہم ذمہ داریاں سرانجام دیں گے، اس لیے سرکاری اداروں اور کاروباری شعبے کے درمیان مؤثر اور تعمیری روابط کا فروغ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے براہِ راست ملاقات افسران کو ملکی برآمدی شعبے کی ضروریات اور عملی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے میں معاون ثابت ہوگی۔دورے کے دوران PITAD افسران نے PHMA نمائندگان کے ساتھ سوال و جواب کی خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں تجارت، برآمدات، پیداواری لاگت، ٹیکسز، توانائی کے نرخ اور ٹیکسٹائل و ویلیو ایڈڈ اپیرل سیکٹر سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ افسران نے صنعتکاروں کے تجربات اور تجاویز سے بھی استفادہ کیا۔دورے کے اختتام پر احمد افضل اعوان نے محترمہ ناہید اختر، ڈائریکٹر TDAP، اور سہیل احمد، ڈائریکٹر (ٹریننگ) PITAD، کو PHMA کی جانب سے یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

مزید خبریں