وزیرآباد،ملک کے معروف ادارے ڈارسن انڈسٹریز کے زیر اہتمام گرینڈ وزیر کٹلری کا افتتاح
وزیرآباد،ملک کے معروف ادارے ڈارسن انڈسٹریز کے زیر اہتمام گرینڈ وزیر کٹلری کا افتتاح

مزید خبریں
وزیرآباد۔ 01 ستمبر (اے پی پی):وزیرآباد کی صدیوں پرانی اور معروف صنعتی شناخت ڈارسن انڈسٹری کے گرینڈ وزیر کٹلری کا باقاعدہ افتتاح پروقار تقریب میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی کرنل (ر) وقار انورشیخ اور صدر چیمبر آف کامرس سید مظاہر حسین زیدی نے افتتاح کیا۔ کرنل (ر) وقار انور شیخ نے گرینڈ وزیر کٹلری کی مصنوعات کے جدید ڈیزائن، نفیس کاریگری اور بہترین فنشنگ کو سراہتے ہوئے خواجہ عبدالحمید اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نیا ادارہ وزیرآباد کی صنعتی ترقی، روزگار کے فروغ اور پاکستانی کٹلری کی عالمی مارکیٹ میں پذیرائی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا،وزیرآباد کے ہنرمندوں اور صنعتکاروں میں عالمی معیار کی مصنوعات تیار کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
جدید ٹیکنالوجی، معیاری خام مال، تحقیق و ترقی اور بین الاقوامی مارکیٹنگ پر توجہ دے کر پاکستانی کٹلری کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر ولید ابراز، چئیرمین HSKSAAP ندیم اے وڑائچ، سابق چئیرمین عشرۃ زکواۃ کمیٹی بابو سرمد ظہیر، بابو احمد ظہیر، جنرل مینجر ڈارسن ندیم جاوید، ڈی جی ایم شیراز احمد، نائب صدرچیمبر آف کامرس راشد رفیق بھٹہ،حافظ عمر فاروق، نواز چیمہ،تنویر عالم،سید ثمر رضا زیدی، ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر سید رضا سلطان، سمیت صنعت و تجارت سے وابستہ دیگر شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔گرینڈ وزیر کٹلری کے چیف ایگزیکٹو خواجہ عبدالحمید اور ان کی ٹیم نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
معززین شہر نے شرکت کی اور نئے صنعتی ادارے کے قیام کو وزیرآباد کی صنعتی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ خواجہ عبدالحمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد کی صدیوں پرانی ڈارسن انڈسٹری کی روایتی صنعتی شناخت اور پرانی مصنوعات کو جدید تقاضوں کے مطابق اعلیٰ پیمانے پر دوبارہ متعارف کرانے کا عزم کیا گیا ہے۔ وزیرآباد صدیوں سے کٹلری کی معیاری مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے اور گرینڈ وزیر کٹلری کے ذریعے اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کرکے انہیں پوری دنیا میں روشناس کروایا جائے گا۔ ادارے کے قیام سے نہ صرف وزیرآباد کی مقامی کٹلری انڈسٹری کو تقویت ملے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ہماری کوشش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور بہترین کاریگری کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسی اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کی جائیں جو عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی بھرپور نمائندگی کرسکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ”میڈ اِن پاکستان، زندہ باد” کے پیغام کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔خواجہ عبدالحمید نے کہا کہ انڈسٹری میں کام کرنے والے تمام افراد کے لیے مکمل ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ محفوظ اور معیاری ماحول میں مصنوعات تیار کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے میں بین الاقوامی سطح سے آنے والے افراد اور وفود بھی وزٹ کرتے ہیں اس لیے صنعتی معیار، صفائی، نظم و ضبط اور حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی ضروری ہے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں پُرتکلف ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے ادارے کی کامیابی اور مستقبل میں مزید ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔میڈ اِن پاکستان، زندہ باد” کے عزم کے ساتھ گرینڈ وزیر کٹلری کا قیام وزیرآباد کی روایتی کٹلری صنعت کو جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں نئی شناخت دینے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔







