ایگزم بینک کا افتتاح، فیصل آباد ملکی معیشت میں 20فیصد حصہ ڈال رہا ہے، ڈاکٹر خالد خلف اللہ

ایگزم بینک کا افتتاح، فیصل آباد ملکی معیشت میں 20فیصد حصہ ڈال رہا ہے، ڈاکٹر خالد خلف اللہ

فیصل آباد۔ 01 ستمبر (اے پی پی):ایگزم بینک کے صدر شہباز حسین سید نے کہا ہے کہ وزیراعظم برآمدات بڑھانے کیلئے سنجیدہ اور بامعنی کوششیں کر رہے ہیں جس کے تحت نہ صرف سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز کیلئے فنانسنگ کی رقم بڑھا دی گئی ہے بلکہ کولیٹرل سمیت دیگر مسائل کو بھی حل کیا جا رہا ہے۔ وہ آج فیصل آباد میں ایگزم بینک کے سب آفس کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک کا مقصد ہی یہ ہے کہ چھوٹے برآمد کنندگان کیلئے آسان فنانسنگ مہیا کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک کی 80فیصد فنانسنگ ایس ایم ای سیکٹر کیلئے مختص ہے جبکہ یہ بینک اپنے وسائل سے فنانسنگ دینے کے ساتھ بین الاقوامی فنانسنگ لانے کی بھی کوششیں کرے گا۔ اسلامک کارپوریشن برائے انشورنس آف انوسٹمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کریڈٹ (ICIEC) کے صدر ڈاکٹر خالد خلف اللہ نے کہا کہ یہ ادارہ اسلامی ترقیاتی بینک کا ذیلی ادارہ ہے جبکہ پاکستان بھی اِس کے بانی ممبران میں شامل ہے۔ اس لیے ہم پاکستان کی برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ICIEC بین الاقوامی سطح پر انشورنس کی سہولتیں مہیا کرے گا جس سے بنیادی ڈھانچے اور انرجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے بعد فیصل آباد میں ایگزم بینک کے سب آفس کے قیام کو بڑی پیشرفت قرار دیا اور اس سلسلہ میں صدر شہباز ایچ سید کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے 4ماہ کی مختصر مدت میں اس مسئلے کو حل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ملکی معیشت میں 20فیصد جبکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 57فیصد کا حصہ ڈال رہا ہے۔

ڈاکٹر خالد خلف اللہ نے کہا کہ فیصل آباد میں بڑی صنعتوں کے علاوہ ایس ایم ای سیکٹر کی بڑی تعداد بھی موجود ہے جن کو ضروری سہولتیں مہیا کر کے برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت ایس ایم ایز کو آسان شرائط پر قرضے دے رہی ہے مگر اس کے باوجود مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔

اِس کی اصل وجہ یہ ہے کہ حکومت قرض دے رہی ہے مگر وہ حقیقی سٹیک ہولڈرز کو نہیں مل رہے تھے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ایگزم بینک کے سب آفس کے قیام سے چھوٹے اداروں کو قرض کی فراہمی کویقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی صنعتوں کی ضروریات کیلئے بہت سا خام مال درآمد کرتا ہے۔ ایگزم بینک کو امپورٹ کے متبادل کی مقامی طور پر تیاری کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر ایگزم بینک سے مل کر ایس ایم ای سیکٹر کی آگاہی کیلئے سیمینار منعقد کرنے کی بھی کوششیں کرے گا۔ڈاکٹر خالد خلف اللہ نے بزنس کمیونٹی اور اداروں میں ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا کہ جب ہم سب کا مقصد پاکستان کی ترقی ہے تو پھر ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔

یہی وہ طریقہ ہے جس سے پاکستان ترقی کر سکتا ہے۔ آخر میں نائب صدر انجینئر عاصم منیر نے مہمانوں کا شکریہ اد اکیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے سابق صدور کے ہمراہ مہمانوں کو یادگاری شیلڈیں پیش کیں اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر سابق صدر مزمل سلطان، عاطف منیر شیخ، چوہدری محمد نواز، رانا محمد سکندر اعظم خاں، شبیر حسین چاولہ، احمد افضل اعوان چیئرمین پی ایچ ایم اے اور ایپبوما کے شہزاد احمد اور میاں محمد طیب کے علاوہ ایگزم بینک اور ICIECکے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔