پاکستان کی بڑی تجارتی نمائشوں کے نتیجے میں اب تک 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا کاروبار عملی شکل اختیار کر چکا ہے جبکہ مزید 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا کاروبار زیرعمل ہے۔
ٹی ڈی اے پی نمائشوں سے 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا کاروبار مکمل، مزید 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا کاروبار زیرعمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی بڑی تجارتی نمائشوں کے نتیجے میں اب تک 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا کاروبار عملی شکل اختیار کر چکا ہے جبکہ مزید 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کا کاروبار زیرعمل ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی نمایاں تجارتی نمائشوں کے نتائج سے متعلق اعداد و شمار کے مطابق 2024 اور 2025 کے دوران منعقد ہونے والی چار بڑی نمائشوں سے مجموعی طور پر 3 ارب 36 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے کاروباری مواقع پیدا ہوئے۔ان نمائشوں میں دوسری فوڈ ایگ 2024، پانچویں ٹیکسپو 2024، چوتھی ہیمز 2025 اور تیسری فوڈ ایگ 2025 شامل ہیں جن میں مجموعی طور پر 3,100 غیر ملکی مندوبین اور 1,150 نمائش کنندگان نے شرکت کی جبکہ 17,825 بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) ملاقاتیں ہوئیں۔
دوسری فوڈ ایگ 2024 سے سب سے زیادہ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کے تخمینی کاروباری مواقع پیدا ہوئے۔ اس نمائش میں 73 ممالک سے 873 غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی، 320 نمائش کنندگان نے اپنی مصنوعات پیش کیں اور 6,425 بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں۔ تخمینی کاروبار میں سے 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا کاروبار عملی شکل اختیار کر چکا ہے جبکہ 20 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا کاروبار زیرعمل ہے۔پانچویں ٹیکسپو 2024 میں 60 ممالک سے 527 غیر ملکی مندوبین اور 272 نمائش کنندگان نے شرکت کی۔ مجموعی طور پر 2,700 بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں، جن سے 98 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تخمینی کاروباری مواقع پیدا ہوئے۔ اس نمائش کے نتیجے میں اب تک 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا کاروبار عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔
چوتھی ہیمز 2025 میں 70 ممالک سے 850 غیر ملکی مندوبین اور 186 نمائش کنندگان نے شرکت کی۔ نمائش کے دوران 3,000 بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں اور 45 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تخمینی کاروباری مواقع پیدا ہوئے۔ اب تک 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا کاروبار عملی شکل اختیار کر چکا ہے جبکہ 24 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا کاروبار زیرعمل ہے۔دریں اثناء تیسری فوڈ ایگ 2025 میں 85 ممالک سے 850 غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی اور 372 نمائش کنندگان نے اپنی مصنوعات پیش کیں۔ نمائش میں 5,700 بی ٹو بی ملاقاتیں ہوئیں اور 73 کروڑ ڈالر کے تخمینی کاروباری مواقع پیدا ہوئے۔ ان میں سے 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا کاروبار عملی شکل اختیار کر چکا ہے، جبکہ 22 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا کاروبار زیرعمل ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دونوں فوڈ ایگ نمائشوں سے مجموعی طور پر ایک ارب 93 کروڑ ڈالر کے تخمینی کاروباری مواقع پیدا ہوئے جبکہ ٹیکسپو اور ہیمز سے بالترتیب 98 کروڑ 20 لاکھ ڈالر اور 45 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تخمینی کاروباری مواقع پیدا ہوئے۔یہ اعداد و شمار پاکستانی برآمد کنندگان کو غیر ملکی خریداروں سے جوڑنے اور تجارتی مواقع پیدا کرنے کے لئے ٹی ڈی اے پی کی جانب سے بین الاقوامی نمائشوں اور بی ٹو بی ملاقاتوں کے استعمال کو اجاگر کرتے ہیں۔








