زرعی یونیورسٹی پشاور اور بلیو وینز آرگنائزیشن کے درمیان جمعرات کے روز مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط ہو گئے
زرعی یونیورسٹی پشاور اور بلیو وینز آرگنائزیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
پشاور۔ 03 ستمبر (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی پشاور اور بلیو وینز آرگنائزیشن کے درمیان جمعرات کے روز مفاہمتی یادداشت کے سمجھوتے پر دستخط ہو گئے ۔
زرعی یو نیورسٹی پشاور تر جمان کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کا مقصد زرعی یونیورسٹی پشاور اور بلیو وینز یونیورسٹی کے طلباء کو مختلف تعلیمی، سماجی، ترقیاتی اور کمیونٹی پر مبنی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے باہمی تعاون پر مبنی شراکت داری قائم کرنا، طلباء کو عملی تجربہ، استعداد کار میں اضافہ، انٹرن شپ، رضاکارانہ خدمات اور شراکت دار ادارے کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا، فریقین کے درمیان علم کے تبادلے، تحقیقی تعاون اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا، طلباء کی جامع اور مساوی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا، بالخصوص خواتین اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کی شرکت کو یقینی بنانا جو کم نمائندگی کے حامل ہوں۔زرعی یونیورسٹی پشاور کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان اور فوکل پرسن ڈائریکٹر اوریک پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف، ایڈیشنل ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر مدثر اقبال جبکہ بلیو وینز کی صدر محترمہ شاہین، کوآرڈینیٹر محترمہ عریشہ رفیق اور ایوب نے سمجھوتے پر دستخط کئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے کہا کہ اس معاہدے کے دورس نتائج اخذ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو عملی تجربہ، استعداد کار میں اضافہ، انٹرن شپ، رضاکارانہ خدمات سمیت دیگر سرگرمیوں کے مواقع ملیں گے۔ زرعی یونیورسٹی پشاور کے فارغ التحصیل طلباء صوبائی، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر زراعت و لائیوسٹاک و دیگر اداروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔بلیو وینز کی صدر محترمہ شاہین نے وائس چانسلر سمیت دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ڈائریکٹر اوریک پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف اور کوآرڈینیٹر محترمہ عریشہ رفیق نے بریفنگ دی۔رجسٹرار ڈاکٹر عبدالسلام، ایڈیشنل ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر مدثر اقبال، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سنٹر ڈاکٹر محمد نعمان اور چیف پراکٹر ڈاکٹر اسد علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔








