آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے پر بات چیت جاری، معاہدہ جلد مکمل ہونے کی توقع
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ جلد مکمل ہونے کی توقع ہے، آسٹریلوی ہائی کمشنر

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ اس کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ بات پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنرمسٹر ٹموتھی کین نےفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی کاروباری مہارتیں قابل تعریف ہیں تاہم آسٹریلیا کو پاکستانی برآمدات بڑھانے کیلئے اشیاء کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے پاکستان کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان میں زرعی شعبہ کی اہمیت کا ذکر کیا اور کہا کہ آسٹریلیا پاکستان سمیت جنوبی ایشیا میں جانوروں کی جینیٹیکس، واٹر مینجمنٹ، فصلوں کی بہتری سمیت کئی شعبوں میں مدد کر رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی زرعی ترقی میں جامعہ زرعیہ کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اِس کی چالیس فیصد فیکلٹی کسی نہ کسی طرح آسٹریلیا سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے باوجود پاکستانی زرعی اجناس آسٹریلیا سے درآمد کر رہا ہے جبکہ گزشتہ دس سالوں میں ان کی مقدار بھی دوگنی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی اجناس کی برآمد کو بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فارماسوٹیکل، تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں کے حوالے سے کہا کہ دنیا میں ان شعبوں میں زبردست مواقع ہیں اور آسٹریلیا پاکستان کی کاروباری مہارتوں کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان سے آم اور کینو برآمد کرنا چاہتا ہے مگر فی الحال اُن کی درآمد میں بہت سے مسائل حائل ہیں جن کو دور کرنے کیلئے پاکستان کو اپنی زرعی اجناس اور برآمدی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا۔اس سے قبل فیصل آبا چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ فیصل آباد ملک کی ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں 57فیصد کا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے جبکہ محاصل کی وصولیوں میں بھی اس کا دوسرا نمبر ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے فیصل آباد صرف اپنی ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی وجہ سے مشہور تھا مگر اب اس کے صنعتی شعبہ میں فارما، آٹو، فوڈ اور ڈیری سمیت مختلف نوع کی انڈسٹری شامل ہے۔ انہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اچھے تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان بہترین اور دوستانہ دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔ دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی آسٹریلیا کو برآمدات 278 ملین امریکی ڈالر جبکہ آسٹریلیا سے درآمدات 540 ملین امریکی ڈالر ہیں۔پاکستان آسٹریلیا کو بنیادی طور پر ٹیکسٹائل اور ملبوسات، ہوم ٹیکسٹائل اور تیار شدہ مصنوعات، چاول اور دیگر اجناس، چمڑے کی مصنوعات، جراحی کے آلات، کھیلوں کا سامان، قالین، غذائی مصنوعات، دواسازی کی مصنوعات اور انجینئرنگ کی اشیاء برآمد کرتا ہے۔تجارتی توازن کے حوالے سے صورتحال آسٹریلیا کے حق میں ہے۔







