مرچ کی کاشت 2026-27 بارے اہم ہدایات جاری

محکمہ زراعت کے ترجمان نے مرچ کی بہتر پیداوار کے لیے کاشتکاروں کو اہم مشورے دیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وسطی میدانی علاقوں میں مرچ کی نرسری کاشت کے لیے بہترین وقت اکتوبر کا آخری ہفتہ ہے جبکہ جنوبی و گرم علاقوں میں سبز مرچ کی کاشت نومبر سے شروع کی جا سکتی ہے۔

فیصل آباد۔ 07 ستمبر (اے پی پی):ٖمحکمہ زراعت کے ترجمان نے مرچ کی بہتر پیداوار کے لیے کاشتکاروں کو اہم مشورے دیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وسطی میدانی علاقوں میں مرچ کی نرسری کاشت کے لیے بہترین وقت اکتوبر کا آخری ہفتہ ہے جبکہ جنوبی و گرم علاقوں میں سبز مرچ کی کاشت نومبر سے شروع کی جا سکتی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ زیادہ سرد اور میدانی علاقوں میں مرچ کی پنیری فروری تک لگائی جا سکتی ہے، تاہم مارچ کے بعد کاشت سے گریز کیا جائے کیونکہ بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے پودے مناسب نشوونما نہیں پاتے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو صرف رجسٹرڈ اداروں سے معیاری اور مصدقہ بیج کے حصول کی ہدایت کی۔انہوں نے بیج کی شرح کے حوالے سے بتایا کہ ایک ایکڑ نرسری کے لیے 110 سے 120 گرام بیج کافی ہوتا ہے۔ نرسری کی تیاری سے متعلق ہدایت دی گئی کہ بوائی سے ایک ماہ قبل زمین میں 20 سے 25 کلوگرام گوبر کی گلی سڑی کھاد اور 250 گرام یوریا فی مرلہ ملا کر پانی دیا جائے۔انہوں نے کھادوں کے استعمال کے حوالے سے کہا کہ کھیت کی مٹی کے تجزیے کی بنیاد پر کھادیں دی جانی چاہئیں، جبکہ نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش کی مناسب مقدار کا خاص خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کیڑوں اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مختلف زہریلی ادویات کے استعمال کی بھی تفصیل دی اور کہا کہ چست تھرپس، سفید مکھی اور گلابی سنڈی جیسے کیڑوں کے حملے کی صورت میں معاشی حد (5 سے 9 فیصد) کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی سپرے کیا جائے اور اس سلسلے میں محکمہ زراعت کے عملے سے مشاورت ضرور کی جائے۔ترجمان نے کہا کہ نرسری کی منتقلی اکتوبر سے 15 فروری تک کی جا سکتی ہے اور اس دوران قطاروں کا فاصلہ 2 سے 3 فٹ رکھا جائے تاکہ فصل کی نشوونما اور پیداوار بہتر ہو۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ تمام ہدایات پر عمل کریں تاکہ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔

 

مزید خبریں