محکمہ زراعت نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چنائی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کپاس کی کوالٹی برقرار رہے
سیالکوٹ،محکمہ زراعت نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کپاس کی صاف چنائی سے متعلق ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چنائی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کپاس کی کوالٹی برقرار رہے، آلودگی سے بچاؤ ممکن ہو اور جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ کے مطابق کاشتکار کپاس کی چنائی صبح 10 بجے شروع کریں، جب فصل اور ٹینڈوں پر موجود رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بد رنگ نہ ہو اور نمی کے باعث جننگ میں مشکلات پیدا نہ ہوں۔ کپاس کی چنائی شام 4 بجے بند کر دینی چاہیے، چنائی ہمیشہ پودے کے نچلے حصے میں موجود مکمل کھلے ہوئے ٹینڈوں سے شروع کی جائے اور بتدریج اوپر کی جانب چنائی کی جائے تاکہ پودے کے سوکھے پتے چنی ہوئی کپاس میں شامل نہ ہوں۔
چنائی کے دوران ٹینڈوں سے کپاس کو اچھی طرح نکالا جائے اور اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا (جھولی) سوتی ہونا چاہیے۔ چنی ہوئی پھٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پھٹی کو آلودگی سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ چنی ہوئی کپاس میں نمی، کچے ٹینڈے، کھوکڑی، رسیاں، سوتلی اور بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیے جائیں۔ پھٹی کو گودام میں منتقل کرنے سے قبل ایسی تمام اشیاء ہاتھ سے چن کر نکال دیں۔چنائی کرنے والی خواتین اپنے سر کو اچھی طرح کپڑے سے ڈھانپ کر چنائی کریں تاکہ کپاس میں انسانی بالوں کی آمیزش نہ ہو۔ چنائی کے بعد پھٹی کو ایک یا دو دھوپ ضرور لگوائی جائیں تاکہ اس میں موجود نمی کو مناسب سطح پر لایا جا سکے۔







