گرین پاسپورٹ کےآسان، کرپشن کے بغیرحصول کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف، حکومت کاای پاسپورٹ سسٹم پرمنتقل ہونےکا اصولی فیصلہ،محمدعلی رندھاوا

گرین پاسپورٹ کے آسان، تیز رفتار اور کرپشن کے بغیر حصول کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ حکومت نے ای پاسپورٹ سسٹم پر منتقل ہونے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا ہے

فیصل آباد۔ 08 ستمبر (اے پی پی):گرین پاسپورٹ کے آسان، تیز رفتار اور کرپشن کے بغیر حصول کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ حکومت نے ای پاسپورٹ سسٹم پر منتقل ہونے کا بھی اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر شامل تھے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر میں پاسپورٹ آفس کے قیام کی تجویز کے بارے میں کہا کہ وہ اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں اور اس پر جلد فیصلہ ہو جائے گا۔

فیصل آباد چیمبر کے صدرفارو ق یوسف شیخ نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران کی تعداد 22ہزار کے لگ بھگ ہے جن میں سے ایک بڑی تعداد کو اپنے کاروبار اور برآمدات کیلئے بیرون ملک سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر میں پاسپورٹ کے اجرا کی سہولت سے جہاں بزنس کمیونٹی کو آسانی ہو گی وہاں برآمدات کے ہدف کو حاصل کرنے کی راہ بھی ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اور سرکاری محکموں کا اجتماعی مقصد ملک و قوم کی ترقی ہے اِس لیے ہمیں مل کر بزنس کمیونٹی کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اِس سلسلہ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کیلئے ہر قسم کی مدد کرنے کو تیار ہے۔

 

مزید خبریں