سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دو سالہ انتخابات 2026-28 کے حوالے سے پشاور بزنس الائنس کو ایک بڑی اور اہم قانونی پیش رفت حاصل ہوئی ہے،سرحد چیمبر الیکشن میں پشاور بزنس الائنس کے تمام امیدوار بحال کر دیئے گئے ہیں
سرحد چیمبر الیکشن، پشاور بزنس الائنس کے تمام امیدوار بحال

مزید خبریں
پشاور۔ 08 ستمبر (اے پی پی):سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دو سالہ انتخابات 2026-28 کے حوالے سے پشاور بزنس الائنس کو ایک بڑی اور اہم قانونی پیش رفت حاصل ہوئی ہے،سرحد چیمبر الیکشن میں پشاور بزنس الائنس کے تمام امیدوار بحال کر دیئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) اسلام آباد نے پشاور بزنس الائنس کے چھ امیدواروں کے مسترد کاغذات نامزدگی سے متعلق دائر کی گئی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے تمام تر اعتراضات کو مکمل طور پر کالعدم قرار دے دیا ہے۔ فیصلے کے تحت الائنس کے تمام امیدواروں کو انتخاب میں حصہ لینے کے لیے مکمل کلیئرنس دے دی گئی ہے، جس کے بعد الیکشن ڈیوٹی پر موجود ٹیموں کو امیدواروں کے نام فہرست میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیمبر انتظامیہ اور مخالفین نے مبینہ طور پر بعض غیر قانونی نکات کا سہارا لے کر پشاور بزنس الائنس کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے تاکہ انہیں انتخابی عمل سے باہر رکھا جا سکے۔ اس فیصلہ کے خلاف پشاور بزنس الائنس کے قائدین نے بزدلانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد میں قائم مرکزی ڈائریکٹوریٹ میں فوری اپیل دائر کی۔
سماعت کے دوران پشاور بزنس الائنس کے قانونی مشیروں نے ڈی جی ٹی او کے سامنے کیس کی مؤثر پیروی کی اور تمام قانونی نکات کو واضح کیا۔ انہوں نے ثابت کیا کہ کاغذات کو مسترد کرنے کا اقدام سراسر ناانصافی اور انتخابی ضوابط کے منافی تھا، جس پر طے شدہ اصولوں کے مطابق تمام مسترد شدہ کاغذات کو فوری بحال کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔ اس تاریخی اور شاندار قانونی کامیابی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پشاور بزنس الائنس کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ چیمبر پر طویل عرصے سے قابض عناصر کو اپنی متوقع اور واضح شکست سامنے نظر آ رہی ہے، اسی لیے وہ حواس باختہ ہو کر انتظامی مشینری اور اوچھے ہتھکنڈوں کے استعمال پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی ٹی او کا یہ شفاف اور منصفانہ فیصلہ ان تمام سازشی عناصر کے من گھڑت عزائم پر آخری کیل ثابت ہوگا جو تاجر برادری کو ان کے جمہوری حق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔ پشاور بزنس الائنس کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ پشاور کے تاجر اب مکمل طور پر بیدار ہو چکے ہیں اور وہ کسی کے جھوٹے دلاسوں یا سیاسی ڈرامے بازیوں میں نہیں آئیں گے، تاجر برادری اپنے حقیقی اور باصلاحیت نمائندوں کو اچھی طرح پہچانتی ہے
جو نہ صرف ان کے روزمرہ کے کاروباری مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ چیمبر کے وقار کو بھی بحال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ آنے والے انتخابات میں پشاور بزنس الائنس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے چیمبر کو تاجروں کی واقعی خدمت کا مرکز بنائے گی۔







