خواتین کی قیادت اب محض سماجی شمولیت کا معاملہ نہیں رہی بلکہ پاکستان کی معاشی تبدیلی کے لئے سٹریٹجک ضرورت بن چکی ہے، صدرآئی سی سی آئی
خواتین کی قیادت اب محض سماجی شمولیت کا معاملہ نہیں رہی بلکہ پاکستان کی معاشی تبدیلی کے لئے سٹریٹجک ضرورت بن چکی ہے، صدرآئی سی سی آئی

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ خواتین کی قیادت اب محض سماجی شمولیت کا معاملہ نہیں رہی بلکہ پاکستان کی معاشی تبدیلی کے لئے ایک سٹریٹجک ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں پاکستان ویمن لیڈرشپ اینڈ پالیسی سمٹ 2026 کے انعقاد پر کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو کاروبار، روزگار، ٹیکنالوجی، پالیسی سازی اور قیادت کے شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے جبکہ ایسی پالیسی اصلاحات کی ضرورت ہے جو خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شرکت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کے ایک بڑے حصے کو مؤثر طور پر بروئے کار لائے بغیر پاکستان پائیدار اور جامع معاشی ترقی حاصل نہیں کر سکتا۔سردار طاہر محمود نے اسلام آباد کو درپیش بڑھتے ہوئے مسائل بالخصوص دارالحکومت کی ترقی کے لئے درکار مالی وسائل کی طرف بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو مناسب مالی وسائل کی فراہمی ضروری ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت اپنی بڑھتی ہوئی ترقیاتی ضروریات پوری کرتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہو سکے۔سمٹ کی پینلسٹس نے خواتین کی قیادت، پالیسی سازی میں نمائندگی، معاشی خودمختاری، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور قومی ترقی میں خواتین کی زیادہ مؤثر شرکت کے لئے سازگار ماحول کی تشکیل پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے جامع پالیسیوں، قیادت سازی، مساوی مواقع اور حکومت، نجی شعبے، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خواتین کی صلاحیتوں کو ٹھوس معاشی اور سماجی فوائد میں تبدیل کیا جا سکے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیئے۔ آئی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے سوشل موبلائزیشن اینڈ کمیونیکیشن کے چیئرمین کاشف قریشی اور وائس چیئرپرسن مقدس چوہدری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، ایگزیکٹو ممبران فاطمہ عظیم، ذوالقرنین عباسی اور عمران منہاس جبکہ سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔








