کرپشن کی شکایت پر متعلقہ افسران کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا، کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل

کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹوریٹ آف سوشل سکیورٹی فیصل آباد ویسٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ہیڈ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹوریٹ آف سوشل سکیورٹی فیصل آباد ویسٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر فیصل آباد ویسٹ،ایریا آفیسران،وائس کمشنر توقیر الیاس چیمہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کو کنٹریبیوشن ٹارگٹس،ورکرز ویلفیئر فنڈز کی ریکوری اور راشن کارڈ کے حوالے سے جاری پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی۔کمشنر کو فیصل آباد ویسٹ میں نئے صنعتی و تجارتی یونٹس کی رجسٹریشن اور نادہندہ صنعتی و تجارتی اداروں سے واجبات کی وصولی کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں سوشل سکیورٹی کے دائرہ کار میں نئے اداروں اور ورکرز کو شامل کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے ریکوری اہداف ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ کنٹریبیوشن ٹارگٹس کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔نادہندہ صنعتی و تجارتی اداروں سے واجبات کی وصولی کے عمل کو مزید مو ثر بنایا جائے جبکہ صنعتی و تجارتی اداروں کی رجسٹریشن کا عمل تیز کرکے سوشل سکیورٹی کوریج میں اضافہ کیا جائے۔کمشنر سوشل سکیورٹی نے ہدایت کی کہ ورکرز ویلفیئر فنڈز کی ریکوری میں بہتری لانے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور راشن کارڈ کے حوالے سے جاری اقدامات کو مقررہ اہداف کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے افسران کو فیلڈ میں کارکردگی بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ذوالفقار علی کھرل نے کہا کہ کنٹریبیوشن ٹارگٹس کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کارکردگی میں بہتری اور ریکوری اہداف کے حصول کو اولین ترجیح دی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی کرپشن یا بدعنوانی کی شکایت کی صورت میں متعلقہ دفتر کے افسران اور متعلقہ ڈائریکٹر کو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔

مزید خبریں