وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل اور ان کے جائز مطالبات کے حل سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر آئل ٹینکرز کو دو سال کی مشروط اجازت

مزید خبریں
گلگت۔ 09 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل اور ان کے جائز مطالبات کے حل سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اوگرا کی ہدایات کے مطابق ایکسل ویٹ پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے والے آئل ٹینکرز کو دو سال کے لیے ہائی ویز پر چلنے کی مشروط اجازت دی ہے۔
اس عرصے کے دوران ان ٹینکرز کو اوگرا کے ہدایت نامے پر عمل کرتے ہوئے ایکسل ویٹ کا نظام بنانا ہوگا جبکہ جن آئل ٹینکرز نے اوگرا ہدایات پر پہلے ہی عملدرآمد کر لیا ہے، انہیں ایکسپریس ویز اور موٹر ویز پر سفر کی مکمل اجازت حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے لیے پٹرولیم مصنوعات سپلائی کرنے والے آئل ٹینکرز کو وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق بلا روک ٹوک سفر کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ صوبے میں پٹرولیم مصنوعات کا کوئی بحران پیدا نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ این ایچ اے، موٹروے پولیس، صوبائی سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا ایک خصوصی اجلاس کل دوبارہ طلب کیا جائے تاکہ تمام بقیہ تکنیکی و انتظامی امور کا حتمی حل نکالا جا سکے۔ اس موقع پر صوبائی حکومت کے سنجیدہ اقدامات اور مطالبات کی منظوری پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی جاری ہڑتال ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید، صوبائی سیکریٹری داخلہ، صوبائی سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور آئل ٹینکرز ایسوی ایشن کے نمائندہ وفد نے شرکت کی جبکہ اوگرا، این ایچ اے اور پی ایس او کے اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔








