قلعہ کہنہ قاسم باغ میگا پراجیکٹ پر کام تیز ،تاریخی ورثے کو جدید سیاحتی مرکز بنایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر ملتان

ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ شہرِ اولیاملتان کے صدیوں پرانے تاریخی و ثقافتی ورثے کی بحالی اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کو جدید سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام میگا پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ منصوبے کے مختلف حصے تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں

ملتان ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ شہرِ اولیاملتان کے صدیوں پرانے تاریخی و ثقافتی ورثے کی بحالی اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کو جدید سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام میگا پراجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ منصوبے کے مختلف حصے تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قلعہ کہنہ، دمدمہ، تاریخی مزارات، لنگر خانہ، قدیمی لائبریری، جدید کیفے، فوڈ سٹریٹ، تاریخی فصیل، پارکس، لینڈ سکیپنگ اور سپورٹس سہولیات سمیت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے قلعہ کہنہ، دمدمہ، مزارات اور سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات اور آثار کی اصل حیثیت اور قدیم طرزِ تعمیر کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ملتان کی تاریخی شناخت محفوظ رہے اور شہریوں و سیاحوں کو عالمی معیار کا ثقافتی و تفریحی مرکز میسر آسکے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت تاریخی فصیل، مٹی کو محفوظ بنانے کے لیے ریٹیننگ وال، واک ویز، گرین بیلٹس، پارکس، فٹ پاتھ، آرکیٹیکچرل لائٹنگ، جدید کیمروں اور ٹریفک سائنز سمیت متعدد ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔ پنجاب حکومت نے منصوبے کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے رواں سال 50 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز بھی جاری کیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دمدمہ میوزیم، ٹاپ روف کیفے، نگار خانہ، میونسپل لائبریری اور لائبریری کیفے بھی منصوبے کا اہم حصہ ہیں۔

تاریخی فصیل کی اپ گریڈیشن پر 463 ملین روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ قلعہ کہنہ کے مختلف حصوں میں گرین بیلٹس، درخت، موسمی پھول، واک ویز اور شہریوں کے لیے بیٹھنے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ حضرت بہاؤالدین زکریا اور حضرت شاہ رکن عالم کے مزارات کے درمیان تاریخی راہداری کو بھی خوبصورت اور سرسبز بنایا جا رہا ہے۔

 

مزید خبریں