صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کی جانب سے یونیورسٹی آف تربت میں زیرِ تعلیم بلیدہ کے طلبہ و طالبات کے لیے فراہم کردہ بس نے باقاعدہ طور پر اپنی شٹل سروس کا آغاز کر دیا ہے
یونیورسٹی آف تربت میں زیرِ تعلیم بلیدہ کے طلبہ کے لیے شٹل سروس کا آغاز

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کی جانب سے یونیورسٹی آف تربت میں زیرِ تعلیم بلیدہ کے طلبہ و طالبات کے لیے فراہم کردہ بس نے باقاعدہ طور پر اپنی شٹل سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ بس روزانہ صبح و شام بلیدہ سے تربت یونیورسٹی اور واپسی کے روٹ پر طلبہ و طالبات کو سفری سہولت فراہم کرے گی۔شٹل سروس کے آغاز سے بلیدہ اور گردونواح کے طلبہ و طالبات کے لیے یونیورسٹی آف تربت تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے، جس سے انہیں روزانہ آمدورفت کے مسائل اور اضافی سفری اخراجات سے بھی بڑی حد تک نجات ملے گی۔ اس اقدام سے علاقے کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع مزید وسیع ہونے کی توقع ہے۔صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو سفری اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کوئی احسان نہیں بلکہ عوامی نمائندے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کوشش کی جا رہی ہے کہ بلیدہ سمیت پورے علاقے کے عوام کو جدید اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ تعلیم کے معیار اور نوجوانوں کے مستقبل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق نوجوان کسی بھی معاشرے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں معیاری تعلیم، بہتر تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی علاقے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیم کے شعبے میں مزید سہولیات اور مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بلیدہ کے طلبہ و طالبات کو یونیورسٹی آف تربت تک باقاعدہ شٹل سروس کی سہولت فراہم کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو درپیش سفری مشکلات کم کرکے انہیں اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔








