اینٹی کرپشن ٹیموں کی لاہور ، قصور میں کارروائیاں، سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

پنجاب میں کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی کارروائیاں جاری ہیں، اینٹی کرپشن ٹیموں نے لاہور اور قصور میں مختلف کارروائیوں کے دوران سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):پنجاب میں کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی کارروائیاں جاری ہیں، اینٹی کرپشن ٹیموں نے لاہور اور قصور میں مختلف کارروائیوں کے دوران سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر پولیس کو مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب عبدالوہاب کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کی خصوصی ہدایت پر کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں اینٹی کرپشن لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن لوئر مال لاہور میں تعینات سب انسپکٹر محمد آصف کو ایک شہری سے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق سب انسپکٹر محمد آصف نے مسمات نسرین بی بی سے انویسٹی گیشن میں مدد کرنے کے عوض رشوت طلب کی تھی۔ شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن لاہور کی ٹیم نے مجسٹریٹ کے ہمراہ منصوبہ بندی کے تحت ٹریپ ریڈ کیا اور سب انسپکٹر محمد آصف کو رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے موقع پر گرفتار کر لیا۔دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن قصور نے پولیس اسٹیشن الہ آباد میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر فاروق کو بھی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے مجسٹریٹ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اے ایس آئی فاروق کو مبینہ طور پر رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ترجمان کے مطابق دونوں کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے موقع پر نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کیے گئے۔ اینٹی کرپشن ٹیموں نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی بھی سرکاری اہلکار کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے شہریوں سے رشوت لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں