گورنربلوچستان سےسابق رکن صوبائی اسمبلی انیتاعرفان کی قیادت میں کرسچین، ہندو اورسکھ برادری سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی ملاقات

گورنربلوچستان سےسابق رکن صوبائی اسمبلی انیتاعرفان کی قیادت میں کرسچین، ہندو اورسکھ برادری سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی ملاقات

کوئٹہ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے سابق رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان کی قیادت میں کرسچین، ہندو اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے ملاقات کی اور انہیں امریکہ کے کامیاب دورے، اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں منعقدہ یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ میں شرکت اور خطاب پر مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران سابق رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان، عرفان بشیر، بشپ ولسن فضل، بشپ امانت مسیح، آمر جان، طارق گل اور راج کمار بھی موجود تھے۔

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپسی پر مبارکباد دینے پر تمام اقلیتی نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سمٹ سے خطاب ہم سب کیلئے باعثِ اعزاز ہے۔ گورنر ہاؤس میں آپ سب کی آمد میرے لیے باعثِ خوشی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے سنجیدہ اور موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اپنے نوجوانوں کی آواز کو دنیا کے سب سے بڑے عالمی فورم پر مختلف ممالک کے مندوبین کے سامنے اجاگر کرنا ایک قابلِ فخر عمل ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ امریکہ کے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جشن آزادی پاکستان کے سلسلے میں ٹیکساس، ہیوسٹن اور لاس اینجلس میں منعقدہ تقریبات میں بھی شرکت کی۔ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہمارا تعلق بلاشبہ مختلف قوموں، مذاہب اور اقلیتوں سے ہے مگر ہم سب پاکستانی ہیں۔ آئینِ پاکستان کی نظر میں تمام شہری برابر ہیں۔ انہوں نے اقلیتی برادریوں کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ حکومت کا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائینگے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ”مینارٹیز” کی اصطلاح کو تبدیل کرکے ”انٹرفیتھ ہارمنی” کا نام دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی جانب سے بھی یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جو کمیونٹیز ترقی کے عمل میں پیچھے رہ گئی ہیں، انہیں آگے لایا جائے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیت ہوں یا اکثریت، ہم سب ایک ہی ملک کے باشندے ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں سب کا برابر کا کردار ہے۔ آخر میں مختلف اقلیتی برادریوں کے نمائندوں کی جانب سے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ دیگر نمائندوں نے انہیں ہار پہنائے۔

مزید خبریں