محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مونگ اور ماش کی فصل کو بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سیالکوٹ، کاشتکاروں کو مونگ ، ماش کی فصل کو کیڑ وں کے حملے سے بچاؤ کے لئے بروقت اقدامات کی ہدایت
سیالکوٹ۔10ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مونگ اور ماش کی فصل کو بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول محکمہ زراعت سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا ہےکہ مونگ اور ماش کی بہتر پیداوار کے لیے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ جڑی بوٹیاں فصل کی نشوونما متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کیڑوں اور بیماریوں کے پھیلائو کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مونگ اور ماش کی فصل کو عمومی طور پر تین پانی درکار ہوتے ہیں۔ پہلا پانی اگائو کے 3 سے 4 ہفتے بعد، دوسرا پھول نکلنے کے مرحلے پر جبکہ تیسرا پانی پھلیاں بننے کے وقت دینا چاہیے۔
بارش کی صورت میں فصل کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کی جائے اور اگر بارش کا زائد پانی کھیت میں جمع ہوجائے تو فصل کو نقصان سے بچانے کے لیے پانی کے فوری نکاس کا انتظام کیا جائے۔انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ فصل کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور بیماری یا کیڑے مکوڑوں کے حملے کی صورت میں محکمہ زراعت کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کرکے بروقت تدارکی اقدامات کریں۔









