بڑے صنعتی اداروں (ایل ایس ایم) کے شعبہ نے گزشتہ مالی سال26۔2025کے دوران 6.5 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ، دوران سال 22 مختلف بڑی صنعتوں میں سے 16 صنعتوں کی شرح نمو میں اضافہ جبکہ 6 صنعتوں کی شرح نمو میں کمی ہوئی ہے۔
بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ میں مالی سال26۔2025 کے دوران 6.5 فیصد کی شرح نمو

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):بڑے صنعتی اداروں (ایل ایس ایم) کے شعبہ نے گزشتہ مالی سال26۔2025کے دوران 6.5 فیصد کی شرح نمو حاصل کی ، دوران سال 22 مختلف بڑی صنعتوں میں سے 16 صنعتوں کی شرح نمو میں اضافہ جبکہ 6 صنعتوں کی شرح نمو میں کمی ہوئی ہے۔
اقتصادی تجزیہ کار محی الدین اعظم نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح ترقی میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 22 مختلف صنعتوں نے دوران سال شرح نمو حاصل کی ہے جن میں 6صنعتوں کی شرح نمو منفی جبکہ 16 کی مثبت رہی ہے۔ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور مثبت شرح نمو حاصل کرنے والی صنعتوں میں آٹوموبائل اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ 61.6 فیصد کی شرح نمو سے سرفہرست رہا ہے جبکہ کاروں کی پیداواری صنعت کی ترقی کی شرح گزشتہ مالی سال کے دوران 51 فیصد اور ٹرکوں کی فروخت میں 87.8 فیصد کی نماں بڑھوتری ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آٹو اسمبلرز کی مقامی طلب میں اضافہ کے نتیجہ میں ربڑ کی مصنوعات تیار کرنے والی صنعت کی شرح نمو میں 14.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح بجلی کے آلات تیار کرنے والی صنعتوں کی شرح نمو میں بھی 11.9 فیصد ، تمباکو کی پیداوار کے شعبہ میں 11.7 فیصد اور کوک و پٹرولیم مصنوعات کی صنعت کی شرح ترقی میں 10.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ غذائی اجناس کی پیداور میں 9.8 فیصد ، بیوریج کی صنعت کی شرح ترقی میں 7.7 فیصد اور نان میٹالک معدنیات کے شعبہ میں 8.2 فیصد اور سیمنٹ کی صنعت نے گزشتہ مالی سال کے دوران 9.1 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔
اعدادو شمار کے مطابق دوران سال ملبوسات تیار کرنے والی صنعت کی شرح نمو میں 0.7 فیصد اور فرنیچر سازی کی صنعت کی شرح نمو میں بھی 20.5 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے۔ محی الدین اعظم نے رپورٹ میں کہا کہ صارفین کی قوت خرید بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ سے بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت میں بہتری سے مقامی طور پر تیار کی جانے والی مصنوعات کی طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے۔








