بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر آپریشنز فخرالدین مری کی سربراہی میں جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ اور طوغی روڈ پر ٹاسک بیسڈ اور معمول کی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ میں کارروائیاں,2 بیکریاں سیل کردی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈائریکٹر آپریشنز فخرالدین مری کی سربراہی میں جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ اور طوغی روڈ پر ٹاسک بیسڈ اور معمول کی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران سنگین خلاف ورزیوں پر 2 بیکریاں سیل، 2 یونٹس کو جرمانہ جبکہ 3 یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں کے مطابق دو بیکریوں کو بارہا وارننگز اور حتمی نوٹسز کے باوجود بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014 کی خلاف ورزی اور عدم تعمیل پر سیل کیا گیا۔ مذکورہ بیکریوں میں بیکری مصنوعات پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ درج نہ ہونے، کیڑوں سے بچاؤ کے مؤثر انتظامات نہ ہونے، ورکرز کی جانب سے حفاظتی لباس (پی پی ای ) استعمال نہ کرنے اور تازہ بیکری مصنوعات میں حشرات پائے جانے سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں جبکہ گزشتہ عائد کردہ جرمانوں کی عدم ادائیگی پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایک ریسٹورنٹ کو بی ایف اے لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے اور خراب/بدبودار کوکنگ آئل کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا جبکہ ایک بیکری کو ورکرز کی جانب سے پی پی ای کا نامناسب استعمال، ناقص صفائی، ڈسٹ بنز کی عدم موجودگی، بیکری مصنوعات میں کیڑے مکوڑے پائے جانے اور مصنوعات پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ درج نہ ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔دورانِ کارروائی علمدار روڈ پر قائم جوس مینوفیکچرنگ یونٹ کا بھی معائنہ کیا گیا، جسے بی ایف اے لائسنس اور رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث پہلے ہی سیل کیا جا چکا تھا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے یونٹ انتظامیہ کو مناسب پروسیسنگ لائن قائم کرنے اور بی ایف اے لائسنس و رجسٹریشن کے حصول کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ یونٹ مزید احکامات تک سیل رہے گا۔مزید برآں زیرِ التوا جرمانوں والے فوڈ بزنس آپریٹرز کو حتمی نوٹسز بھی جاری کیے گئے اور واضح کیا گیا کہ مسلسل عدم تعمیل کی صورت میں قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








