پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے رکن بورڈ آف ڈائریکٹر اور معروف کاروباری رہنماخادم حسین نے کہا ہے کہ دنیا میں اہم معدنیات کے حصول کی بڑھتی دوڑ پاکستان کےلئے برآمدات، غیر ملکی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے
خام معدنیات کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر پراسیسنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے، خادم حسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے رکن بورڈ آف ڈائریکٹر اور معروف کاروباری رہنماخادم حسین نے کہا ہے کہ دنیا میں اہم معدنیات کے حصول کی بڑھتی دوڑ پاکستان کےلئے برآمدات، غیر ملکی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، پاکستان اپنی وسیع معدنی صلاحیت کو موثر پالیسی، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ذریعے معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بنا سکتا ہے۔ جمعے کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تانبہ، سونا، کرومائٹ اور دیگر اہم معدنیات کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ برقی گاڑیوں، قابلِ تجدید توانائی، سیمی کنڈکٹرز اور جدید ٹیکنالوجی کی صنعتیں ان وسائل پر تیزی سے انحصار کر رہی ہیں، پاکستان میں معدنی ذخائر کی وسیع صلاحیت موجود ہے تاہم اس شعبے کی مکمل استعداد سے فائدے کےلئے جدید ارضیاتی تحقیق، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک سمیت بڑے معدنی منصوبے پاکستان کو عالمی معدنی سپلائی چین میں نمایاں مقام دلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، صرف خام معدنیات کی برآمد کے بجائے مقامی سطح پر پراسیسنگ، ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے تو برآمدی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور کینیڈا کی طرح پاکستان بھی مضبوط ادارہ جاتی نظام، واضح پالیسیوں اور تکنیکی مہارت کے ذریعے معدنی وسائل کو طویل مدتی معاشی فائدے میں تبدیل کر سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ معدنی شعبے میں غیر ضروری رکاوٹوں کے خاتمے، طویل المدتی سرمایہ کاری پالیسی اور مقامی صنعت کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ خادم حسین نے کہا کہ معدنی ترقی کے ساتھ مقامی آبادی کےلئے روزگار، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور کاروباری مواقع میں اضافے کو بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔








