صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کورنگی کے ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیااور6ماہ کا ڈپلومہ کورس اور انٹرنشپ مکمل کرنے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے
لائیوسٹاک محکمہ نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے، محمد علی ملکانی

مزید خبریں
کراچی۔ 11 ستمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کورنگی کے ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیااور6ماہ کا ڈپلومہ کورس اور انٹرنشپ مکمل کرنے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔جمعہ کو تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیرنے اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لائیوسٹاک محکمہ نوجوانوں کو تربیت دے کر روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ تربیت یافتہ نوجوان سندھ کے مالداروں اور مویشی پالنے والوں کی بھرپور خدمت کر سکیں ۔اس موقع پر کورس مکمل کرنے والے نوجوانوں میں فیلڈ میں استعمال ہونے والے سائنسی آلات بھی تقسیم کیے گئے ۔
محمد علی ملکانی نے کہا کہ ہمارے تمام ادارے محنت کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں نوجوان ان کی باگ ڈور سنبھال سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو اور ان کی ٹیم نے بڑی محنت کی میں انہیں شاباش دیتا ہوں۔اس موقع پر ڈی جی سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نظیر حسین کلہوڑو نے مہمانوں کا استقبال کیا اور تربیتی پروگرام پر بریفنگ دی۔تقریب میں سیکریٹری لائیوسٹاک ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی ، ڈی جی پولٹری ڈاکٹر صلاح الدین شاہ،ڈی ایس لائیوسٹاک محمد عمران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجودتھے ۔








