عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے میں چن ون گروپ کا کردار انتہائی اہم ہے، چوہدری محمد اشفاق
عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے میں چن ون گروپ کا کردار انتہائی اہم ہے، چوہدری محمد اشفاق

مزید خبریں
لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):چن ون گروپ کے چیئرمین چوہدری محمد اشفاق نے کہا ہے کہ چن ون گروپ اعلی معیار کی پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کےلئے بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ وہ اتوار کو چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون گروپ میاں کاشف اشفاق کو تمغہ امتیاز ملنے کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چن ون گروپ نے جدید کارڈیالوجی اور لیور ٹرانسپلانٹ سہولیات، جدید تشخیصی لیبارٹریاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خواتین کو ہنر مند بنانے کےلئے مفت سلائی مراکز قائم کیے ہیں جبکہ ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو وظائف اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چن ون نے فرنیچر اور گارمنٹس کے شعبوں میں جدید اور اختراعی ڈیزائن متعارف کرا کے عالمی منڈیوں میں اپنی ساکھ قائم کی ہے جس سے پاکستان کی صنعتی پیداوار اور برآمدی صلاحیت کو فروغ ملا ہے۔ تقریب کی صدارت سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام مصطفی نے کی۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ خطے کے سکیورٹی کوریڈور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ سعودی عرب ابھرتی ہوئی علاقائی سٹریٹجک شراکت داری میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون گروپ نے کہا کہ چن ون اور پاکستان فرنیچر کونسل جدید کاری، جدت اور عالمی معیار سے ہم آہنگ مصنوعات کی تیاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چن ون لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن اور یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس سمیت معروف جامعات کے ہزاروں طلبہ کو انٹرن شپ اور عملی تربیت کے مواقع بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ نوجوان عالمی معیار کے جدید ڈیزائن اور متعلقہ شعبوں میں عملی مہارت حاصل کر سکیں۔
تقریب میں چیئرمین ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق اور ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے گلوبل بزنس ڈویلپمنٹ لیڈر میاں طارق جاوید نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں آرائیں لومینریز کلب کے بانی و شریک بانی ڈاکٹر وقار چوہدری آرائیں نے میاں کاشف اشفاق کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔








