شعیب ایوب بٹالوی کو ایکسپورٹ کے فروغ اور نوجوانوں کی خدمات پر خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی برآمدات میں اضافے، نوجوانوں کو عالمی تجارت کے مواقع سے روشناس کرانے، نئے ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرنے پر چیئرمین ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن شعیب ایوب بٹالوی کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب میں کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے امپورٹ …

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی برآمدات میں اضافے، نوجوانوں کو عالمی تجارت کے مواقع سے روشناس کرانے، نئے ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرنے پر چیئرمین ینگ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن شعیب ایوب بٹالوی کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں یہ اعزاز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب میں کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ پروموشن کی حیثیت سے پورے سال کے دوران شاندار کارکردگی اور ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ایوب بٹالوی نے کہا کہ انہوں نے ملکی برآمدات کے فروغ اور ایکسپورٹ کے شعبے میں نوجوانوں کی شمولیت بڑھانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے۔ ایکسپورٹ کے موضوع پر خصوصی کتاب تحریر کرنے کے ساتھ سکول آف ایکسپورٹس کا آغاز کیا جس کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو برآمدی کاروبار شروع کرنے، عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور بین الاقوامی تجارت کے بنیادی تقاضوں سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے رہنمائی اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو محض ملازمت کے حصول تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں کاروباری سرگرمیوں اور عالمی تجارت کا فعال حصہ بنانا تھا۔ شعیب ایوب بٹالوی کی کاوشوں سے متعدد نئے کاروباری افراد اور نوجوان لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے رکن بنے اور ایکسپورٹ کمیونٹی میں شامل ہو کر ملکی برآمدات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کیا اور رکی ہوئی ادائیگیوں کی وصولی، برآمدی مصنوعات کی تشہیر، نئے کاروباری روابط کے قیام اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے متعلقہ اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان موثر رابطہ کاری پر توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ نوجوان ایکسپورٹرز میں یہ اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کی کہ پاکستانی مصنوعات معیار، صلاحیت اور مسابقت کے اعتبار سے عالمی منڈی میں کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے جبکہ نوجوان نسل کو عالمی تجارت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے ملک کے برآمدی شعبے کو وسعت دی جا سکتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شعیب ایوب بٹالوی نے کہا کہ سکول آف ایکسپورٹس جیسے اقدامات نوجوانوں کو عالمی تجارت کے عملی میدان میں لانے کے لیے اہم ثابت ہو رہے ہیں۔